لاہورپولیس میثاق سنٹرزکے ذریعے مذہبی اقلیتوں کوخدمات کی فراہمی کے لئے پر عزم

بدھ 23 اپریل 2025 13:19

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2025ء)لاہورپولیس میثاق سنٹر زکے ذریعے مذہبی اقلیتوں کوخدمات کی فراہمی کے لئے پر عزم ہے، رواں سال صوبائی دارالحکومت میں قائم 3میثاق سنٹرزسے 4279سے زائداقلیتی شہریوں کو مختلف قانونی خدمات فراہم کی گئی ہیں۔ترجمان لاہور پولیس نے بتایا کہ میثاق سنٹرز سے 511غیر مسلم شہریوں کوکریکٹر سرٹیفکیٹس جاری کئے ہیں۔

مختلف اضلاع کے 110افراد کوبھی کریکٹر سرٹیفکیٹس جاری کئے ہیں۔ میثاق سنٹرزسے 2849جنرل پولیس ویر ی فکیشنز کی گئی ہیں۔ اس دوران مختلف اضلاع کی691افراد کی پولیس ویری فکیشن بھی کی گئی ہیں۔ میثاق سنٹرز میں 55گمشدگی رپورٹس،32کریمینل رپورٹس اور 18بے وسیلہ افرادکی رپورٹس درج کی گئی ہیں۔ میثاق سنٹرزسے 13درخواست گزاروں کو ایف آئی آر کی نقول مہیا کی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

لبرٹی،کاہنہ اورمزنگ میں قائم میثاق سنٹرزمیں مسیحی و دیگر اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے پولیس ملازمین کو تعینات کیا گیا ہے۔سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے کہاہے کہ میثاق سنٹرز اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے ضامن ہیں۔انہوں نے کہاکہ میثاق سنٹرز بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ اور پر امن معاشرے کے قیام میں مثالی کردار اداکر رہے ہیں۔ سی سی پی او لاہور نے کہا کہ اقلیتی شہریوں کو پولیسنگ سے متعلقہ خدمات ایک ہی چھت تلے مہیا کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میثاق سنٹرز اقلیتی شہریوں کو درپیش مسائل کا ترجیحی بنیادوں پر ازالہ یقینی بنا رہے ہیں۔ بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ میثاق سنٹرز میں خواتین، بزرگ اور معذور افراد کے لئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ قانونی خدمات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ اقلیتوں کی عبادت گاہوں کاتحفظ یقینی بنایا جا رہا ہے۔