حلقہ لچھراٹ میں مبینہ حکومتی ناانصافیوںاور عدم توجہ کے خلاف ضلع کونسل کے منتخب ممبران نے علم بلند کر دیا

بدھ 23 اپریل 2025 17:22

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2025ء)حلقہ لچھراٹ میں مبینہ حکومتی ناانصافیوںاور عدم توجہ کے خلاف ضلع کونسل کے منتخب ممبران نے علم بلند کر دیا۔لچھراٹ میں ہونے والی ایک اہم میٹنگ میں علاقے کی سیاسی اور سماجی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا۔ ممبران نے اعلان کیا کہ وہ آئندہ عام انتخابات میں مشترکہ پلیٹ فارم سے الیکشن لڑیں گے تاکہ حلقہ لچھراٹ کی محرومیوں کا ازالہ کیا جا سکے۔

اس اہم مشاورتی اجلاس میں یونین کونسل انوار شریف سے بشارت خان مغل، یونین کونسل نورہ سیری سے میر نصیر جیلانی، یونین کونسل سیری درہ سے چوہدری آصف یعقوب، یونین کونسل پانجگراں سے میر افتخار، اور یونین کونسل پنج کوٹ سے چوہدری جاوید ایڈووکیٹ نے شرکت کی۔شرکاء نے حلقہ لچھراٹ میں ہر دور میں کی جانے والی سیاسی اور انتظامی ناانصافیوں پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کئی عرصے سے حلقہ لچھراٹ کو صرف ووٹ بینک سمجھا، عملی طور پر عوامی خدمت اور ترقیاتی کاموں میں مکمل ناکامی ظاہر کی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے الزام عائد کیا کہ پورے حلقے کو مساوی ترقی سے محروم رکھا گیا، فنڈز کی تقسیم میں اقرباء پروری اور سیاسی انتقام نمایاں رہا، اور بنیادی سہولیات جیسے سڑکوں، اسکولوں، اسپتالوں، اور پانی کی فراہمی جیسے منصوبے یا تو روکے گئے یا جان بوجھ کر مخصوص علاقوں تک محدود رکھے گئے۔اجلاس کے شرکاء نے سخت الفاظ میں کہا کہ سابق حکمرانوں نے حلقے کے مفاد کو ذاتی سیاست کی نذر کیا۔

حلقہ لچھراٹ ترقی کے بجائے مزید پسماندگی کی طرف جا رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حلقے کے عوام بجلی، پانی، تعلیم، صحت جیسی بنیادی سہولیات کے لیے ترس رہے ہیں۔ضلع کونسل ممبران نے ایک بڑے سیاسی فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے یہ طے کر لیا ہے کہ آئندہ عام انتخابات مل کر انتخابی میدان میں اتریں گے۔انہوں نے واضح کیا کہ ان کا اتحاد کسی کے خلاف نہیں بلکہ نااہلی، اقرباء پروری اور علاقے کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کے خلاف ہے۔ اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ اس اتحاد کا مقصد حلقے کو اصل ترقی کی راہ پر ڈالنا ہے، نہ کہ صرف سیاست چمکانا۔