مینو فیکچرنگ کے لئے خام مال کی ترسیل میں شدید دشواریوں کا سامنا ہے ،پاکستان ہوزری مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن

بدھ 23 اپریل 2025 18:05

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2025ء) پاکستان ہوزری مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن (نارتھ زون) کے سینیئر وائس چیئر مین حاضر خان نے آج ایسوسی ایشن کے دفتر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں مینو فیکچرنگ کے لئے خام مال کی ترسیل میں شدید دشواریوں کا سامنا ہے جس کے باعث صنعتی یو نٹس کی روانی متاثر ہو رہی ہے اور پیداواری عمل بھی جاری رکھنا مشکل ہو رہا ہے۔

پریس کانفرنس میں صد ر فیصل آباد چیمبر ریحان نسیم بھراڑہ،وحید خالق رامے پاور لومز آنرز ایسو سی ایشن، رانا الطاف احمد،سید ضیا علمدار حسین و دیگر ایگزیکٹیو ممبران نے شرکت کی۔اس موقع پرپریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہو ئے کہا کہ صد ر فیصل آباد چیمبر ریحان نسیم بھراڑہ نے کہا کہ سیاسی ایشو ز سیاسی پلیٹ فارم پر حل کئے جائیں، سڑکیں جلد نہ کھولی گئیں تو سستی بجلی کے ثمرات نہیں ملیں گے، ہمارے پاس صرف تین دن کا خام مال رہ گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مشیر وزیر اعظم رانا ثناء اللہ نے ہماری بات سنی ہے،وزیر اعظم اور وزیر اعلی سندھ کو بھی خطوط لکھے ہیں اور اس معاملہ میں فیڈریشن بھی کوشش کر رہی ہے۔ حکومت کی جانب سے ہمیں بجلی بلوں میں 7 روپے کا ریلیف دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مارک اپ کم ہوا ہے اور بجلی مزید سستی ہونے کی امید ہے،سارا معاملہ سندھ حکومت نے دیکھنا ہے، سندھ حکومت فوری طور پر باہر نکلے اور راستے کلیئر کروائے۔

وزیر اعلی سندھ اور شرجیل میمن نوٹس لیں اورجاکر مظاہرین سے بات کریں۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پاور لوم ایسوسی ایشن وحید خالق رامے نے کہا کہ اس معاملہ میں صدر پاکستان اور وزیر اعظم پاکستان سے گزارش ہے کہ کنٹینرز کو کلییئر کروایا جائے اور راستے کھولے جائیں تاکہ پاکستان ایکسپورٹ کو بہتر کر سکے۔ سابق چیئرمین پی ایچ ایم اے کاشف ضیاء نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نے ایکسپورٹرز کی حوصلہ افزائی کی ہے مگر پھر سے کنٹینرز پھنسے ہوئے ہیں اور ہمارے آرڈرز منسوخ ہونا شروع ہو گئے ہیں۔انہوں نے سندھ گورنمنٹ سے اپیل ہے کہ اس مسئلے کو حل کریں۔