کمشنر بہاولپور ڈویژن مسرت جبیں نے ریڈیو پاکستان بہاولپور میں میاواکی جنگل کا افتتاح کر دیا

بدھ 23 اپریل 2025 19:03

بہاولپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2025ء) کمشنر بہاولپور ڈویژن مسرت جبیں نے ریڈیو پاکستان بہاولپور کے احاطہ میں ایک ایکڑ رقبہ پر مشتمل میاواکی جنگل کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے پودا بھی لگایا۔ ریڈیو پاکستان بہاولپور میں یہ میاواکی جنگل پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی کے تعاون و اشتراک سے لگایا جا رہا ہے جس میں 10ہزار سے زائد پھلدار اور سایہ دار پودے لگائے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

کمشنر بہاولپور مسرت جبیں کے ہمراہ وائس چانسلر وومن یونیورسٹی بہاولپور پروفیسر ڈاکٹر شازیہ انجم، ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے روبینہ اقبال عباسی، ایڈیشنل کمشنر رابطہ، ڈپٹی ڈائریکٹر ہارٹیکلچر، پرنسپل گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی فار وومن کالج، ریڈیو پاکستان کے افسران، وومن یونیورسٹی اور گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی فار وومن بہاولپور کی طالبات نے شجرکاری مہم میں حصہ لیا۔کمشنر بہاولپور ڈویژن نے کہا کہ ماحول کو سر سبز و شاداب بنانے کے لئے زیادہ سے زیادہ پودے لگائے جائیں کیونکہ پودے ہمیں آکسیجن فراہم کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پودے لگانے کے ساتھ ساتھ پودوں کی دیکھ بھال اور آبیاری پر خصوصی توجہ دی جائے۔

متعلقہ عنوان :