Live Updates

صوبائی وز یر اطلاعات عظمیٰ بخاری کا جڑانوالہ کا دورہ، محرم الحرام کے حوالے سے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا

منگل 1 جولائی 2025 17:02

صوبائی وز یر اطلاعات عظمیٰ بخاری کا جڑانوالہ  کا دورہ،  محرم الحرام ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جولائی2025ء) صوبائی وز یر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے جڑانوالہ کا دورہ کر کے محرم الحرام کے حوالے سے سکیورٹی انتظامات اور پنجاب حکومت کے ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا اور سول ہسپتال جڑانوالہ کا معائنہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق منگل کو وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایات پر صوبائی وزیرِ اطلاعات عظمیٰ بخاری نے دورہ جڑانوالہ کے دوران مرکزی امام بارگاہ قصر بتول کا دورہِ کیا اور سیکیورٹی انتظامات اور سیوریج کے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر انہوں نے ڈپٹی کمشنر ندیم ناصر، ایس ایس پی عمارہ شیرازی کے ہمراہ لائسنس داران مجالس، جلوس سے ملاقات کی۔صوبائی وزیر اطلاعات عظمی بخاری کا کہنا تھا کہ محرم الحرام ہمیں امن صبر اور رواداری کا درس دیتا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلی پنجاب مریم نواز محرم الحرام کے سلسلے میں انتظامات کا خود جائزہ لے رہی ہیں، پاک بھارت کشیدگی اور عالمی صورتحال کے تناظر میں محرم الحرام کا موجودہ سال غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے، بھارت اور پاکستان کی جنگ کی وجہ سے اس سال جلوس اور مجالس میں احتیاط کی ضرورت ہے، محرم الحرام کے دوران امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کے لئے حکومت پنجاب نے ہر ممکن اقدامات کئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پہلی مرتبہ سوشل میڈیا پر مذہبی منافرت پھیلانے والوں کے خلاف سائبر مانیٹرنگ سیل قائم کیا گیا ہے، کچھ شرپسند عناصر افواہیں اور من گھڑت خبریں پھیلا کر حالات خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن حکومت کسی کو امن و امان میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دے گی، محرم الحرام کے تمام جلوسوں کے ساتھ کلینک آن ویلز بھی ہمراہ ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ عاشورہ کے دوران ممکنہ بارشوں کے پیش نظر تمام اضلاع کی انتظامیہ، لوکل گورنمنٹس کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے، پنجاب کے 140 شہروں میں سیوریج کا نیا نظام ورلڈ بینک کی معاونت سے قائم کیا جائے گا، منی سٹی طرز پر ماڈل دیہات قائم کیے جا رہے ہیں جس میں پختہ سڑکیں اور سیوریج کا نظام بہتر بنایا جائے گا۔ انہوں نے سیوریج سسٹم کے جاری منصوبہ جات کے ترقیاتی اقدامات کا بھی جائزہ لیا۔

انہوں نے سول ہسپتال جڑانوالہ کا دورہ بھی کیا اور مریضوں کیلئے دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ جڑانوالہ کے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کی بہتری کیلئے اقدامات کئے جائیں گے، جو لوگ خود کرپشن میں سر سے پاؤں تک لتھڑے ہوئے ہیں، وہ ہم سے سوال کرتے ہیں، مریم نواز نے اقتدار میں آ کر پانچ سال کی 22 ارب روپے کی بقایا جات کی ادائیگی کی۔

دورہ جڑانوالہ میں ڈی سی فیصل آباد کیپٹن (ریٹائرڈ ) ندیم ناصر ، ایس ایس پی عمارہ شیرازی اور دیگر حکام بھی ہمراہ تھے ۔ ڈی سی فیصل آباد نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مجالس اور جلوسوں کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔ایس ایس پی آپریشن عمارہ شیرازی نے بتایا کہ ضلع بھر میں محرم والحرام کے حوالے سے سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں، ضلع بھر میں محرم الحرام کے جلوسوں کے روٹس پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کر دیئے گئے ہیں۔اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ اورنگزیب گورائیہ نے بتایا کہ تحصیل بھر میں جلوسوں کے روٹس پر سٹریٹ لائٹس ، صفائی ستھرائی اور پیچ ورک مکمل کر لیا گیا ہے۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات