عزاداروں کو تحفظ اور سہولیات فراہم کرنا حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے‘عظمیٰ بخاری

منگل 1 جولائی 2025 16:57

عزاداروں کو تحفظ اور سہولیات فراہم کرنا حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ..
چنیوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جولائی2025ء) وزیر اطلاعات پنجاب و انچارج محرم انتظامات فیصل آباد ڈویژن، عظمیٰ بخاری نے عشرہ محرم الحرام کے انتظامی و حفاظتی اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے گزشتہ روز ضلع چنیوٹ کا دورہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر صفی اللہ گوندل اور ڈی پی او عبداللہ احمد نے ڈی سی آفس میں محرم الحرام کے سکیورٹی اور دیگر انتظامات پر بریفنگ دی۔

اس موقع پر وزیر اطلاعات عظمی بخاری نے واضح ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ عزاداروں کو تحفظ اور سہولیات فراہم کرنا حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے اور کسی بھی قسم کی کوتاہی یا خلا ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے جلوسوں کے منتظمین اور لائسنس داران سے ملاقات کرتے ہوئے کہا کہ محرم، رواداری، بھائی چارے اور صبر کا درس دیتا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر ہم سب اضلاع میں متحرک ہیں تاکہ ہر سطح پر امن و انتظام کو یقینی بنایا جا سکے۔

وزیر اطلاعات نے بتایا کہ تمام جلوسوں اور مجالس کے روٹس کی کڑی نگرانی جاری ہے۔ فلیش پوائنٹس پر خصوصی الرٹ، سکیورٹی اداروں کی مکمل ہم آہنگی اور امن کمیٹی کے علما کرام سے قریبی رابطہ برقرار رکھا جا رہا ہے۔سوشل میڈیا پر شرانگیز یا نفرت انگیز مواد پھیلانے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی ہے۔ محرم کے ایام میں سوشل میڈیا کی 24/7 مانیٹرنگ جاری ہے اور کوئی بھی شرپسند قانون سے نہیں بچ سکے گا۔

انہوں نے کہا کہ جلوسوں کے راستوں پر سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نگرانی کی جا رہی ہے جبکہ موبائل ہسپتال، کلینک آن وِیل، اور پانی کے چھڑکا سمیت تمام سہولتیں عزاداروں کے لیے موجود ہیں۔ہم محض مذہبی ذمہ داری ادا نہیں کر رہے بلکہ امن و امان کے قیام کے لیے قومی فریضہ ادا کر رہے ہیں، جس کے لیے تمام طبقات کی مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔وزیر اطلاعات نے بتایا کہ وہ یوم عاشور کے جلوسوں اور مجالس کے اختتام تک فیصل آباد ڈویژن میں موجود رہیں گی۔

انہوں نے چنیوٹ انتظامیہ کو بہترین اقدامات پر سراہا اور منتظمین سے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت صوبہ بھر میں گلیاں تعمیر کی جا رہی ہیں، دیہاتوں کو ماڈل ولیجز میں تبدیل کیا جا رہا ہے جبکہ سیوریج سسٹمز کی اپ گریڈیشن بھی جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ مشترکہ کاوشوں سے ہم محرم الحرام کے ایام میں مثالی امن، رواداری اور بھائی چارے کو فروغ دیں گے۔جلوس منتظمین نے وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف اور وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے حکومتی اقدامات کو قابل تحسین قرار دیا۔