فیصل کریم کنڈی سے عمان کے بوشر بائیکر کلب کے بائیکرز کی ملاقات ، مختلف امورپر تبادلہ خیال

منگل 1 جولائی 2025 18:05

فیصل کریم کنڈی سے عمان کے بوشر بائیکر کلب کے بائیکرز کی ملاقات ، مختلف ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جولائی2025ء)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے عمان کے بوشر بائیکرکلب کے بائیکر زنے پاکستان پیپلزپارٹی کے خلیجی اور وسطی ایشیائی ممالک کے صدر میاں منیرہنس کی قیادت میں منگل کے روز گورنرہاوس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ وفدمیں کیپٹن عیسیٰ الحسنی،ماجدالرواحی، محمدالنبانی، کامل الوہیبی، محمدکاشف، محمدمعینی، ماجدالوہیبی اورمحمدالرواحی شامل تھے۔

گورنرنے پاکستان کادورہ کرنے والے عمانی بائیکرز کو خوش آمدید کہا۔عمانی بائیکرزنے بتایاکہ اس سے پہلے انہوں نے 12 خلیجی ممالک کا بھی بائیک کے ذریعے دورہ کیا ہے۔انہوں نے بتایاکہ اپنے دورہ کے دوران پاکستان کے مختلف علاقوں اسلام آباد، ناران، ایبٹ آباد، خنجراب پاس،ہنزہ، بابوسر اوردیگر سیاحتی علاقوں کا دورہ کیا اور ان علاقوں سے انتہائی لطف اندوز ہوئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ پاکستان آکر بہت اچھا لگا، پاکستانی مہمان نواز قوم ہے اورپاکستان کایہ تاریخی سفر ہمیشہ پاکستانی قوم اور عوام کی جانب سے بہترین پذیرائی،سیکیورٹی انتظامات اور مہمانوازی پر یاد رہے گا۔ گورنرنے عمانی بائیکرز کے خیرسگالی جذبہ کے تحت پاکستان کا دورہ کرنے پر شکریہ ادا کیااورانہیں آئندہ بھی پاکستان اوربالخصوص خیبرپختونخوا کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔ انہوں نے کہاکہ اٴْن کی خواہش ہے کہ وہ خیبرپختونخوا کے خوبصورت اور حسین نظاروں سے بھی لطف ہوں۔انہوں نے کہاکہ ایسے دوروں سے دونوں ممالک کے مابین نہ صرف عوامی رابطوں میں اضافہ ہوگا بلکہ ایک دوسرے کے ثقافت و سیاحت سے بھی آگاہی ملے گی اور دونوں برادر ممالک کے مابین تعلقات بھی مزید مستحکم ہوں گے۔