پنجاب اسمبلی ہنگامہ آرائی،اپوزیشن کے 26ارکان کو ڈی سیٹ کرنے کیلئے کارروائی کا آغاز

سپیکر آفس نے معاملے پر محکمہ قانون سے مشاورت شروع کر دی، اسمبلی رکنیت ختم کرنے کے لیے آئینی و قانونی نکات پر غور جاری

منگل 1 جولائی 2025 16:33

پنجاب اسمبلی ہنگامہ آرائی،اپوزیشن کے 26ارکان کو ڈی سیٹ کرنے کیلئے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جولائی2025ء) پنجاب اسمبلی میں ہنگامہ آرائی پر معطل کیے گئے اپوزیشن کے 26ارکان کو ڈی سیٹ کرنے کے لیے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔ذرائع کے مطابق سپیکر آفس نے اس معاملے پر محکمہ قانون پنجاب سے مشاورت شروع کر دی، ان معطل ارکان کی اسمبلی رکنیت ختم کرنے کے لیے آئینی و قانونی نکات پر غور جاری ہے جبکہ سپیکر آفس کی جانب سے اعلی عدالتی فیصلوں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

اس کارروائی میں سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس عمر عطا بندیال کے اس فیصلے کا حوالہ بھی لیا جا رہا ہے جو انہوں نے حمزہ شہباز شریف کے خلاف دیا تھا اور جو پارٹی لائن کی خلاف ورزی کے تناظر میں تھا۔اس وقت سپیکر آفس اس فیصلے کو بطور نظیر استعمال کرتے ہوئے ممکنہ طور پر ان 26ارکان کی رکنیت کے خاتمے کے لیے کارروائی کی راہ ہموار کر رہا ہے۔اپوزیشن کے یہ معطل ارکان جو حالیہ اجلاس کے دوران شدید ہنگامہ آرائی، غیر پارلیمانی طرز عمل اور ایوان کے تقدس کی پامالی کے مرتکب پائے گئے ان کی رکنیت کی تنسیخ کے لیے سپیکر کا دفتر آئینی اور قانونی پہلوئوں کا جائزہ لے رہا ہے۔