ٹائیگر شروف کو قتل کرنے کی سازش کی جھوٹی خبر دینے والا شخص گرفتار

بدھ 23 اپریل 2025 19:37

ٹائیگر شروف کو قتل کرنے کی سازش کی جھوٹی خبر دینے والا شخص گرفتار
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2025ء)بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار ٹائیگر شروف کو قتل کرنے کی سازش کی جھوٹی خبر دینے والے شخص کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت 35 سالہ منیش کمار سوجیندر سنگھ کے طور پر ہوئی ہے، جو ریاست پنجاب کے علاقے کپورتھلا سے تعلق رکھتا ہے۔منیش کمار نے ممبئی پولیس کے کنٹرول روم میں کال کر کے دعوی کیا تھا کہ سیکیورٹی کمپنی ٹریگ کے کچھ افراد ٹائیگر شروف کو قتل کرنے نکلے ہیں۔

(جاری ہے)

اس نے یہ بھی کہا کہ اس مقصد کیلئے اسلحہ اور 2لاکھ روپے بھی ادا کئے گئے ہیں۔فون کال موصول ہوتے ہی پولیس اور سیکیورٹی ادارے حرکت میں آ گئے، تاہم ابتدائی تحقیقات میں یہ اطلاع جھوٹی نکلی۔ پولیس نے تفتیش کے بعد منیش کمار کو پنجاب سے گرفتار کر لیا۔دورانِ تفتیش منیش کمار نے اعتراف کیا کہ وہ ممبئی میں ایک سیکیورٹی گارڈ کے طور پر کام کرتا تھا اور کمپنی کی جانب سے تنخواہ نہ ملنے پر بدلہ لینے کی نیت سے پولیس کو جھوٹی اطلاع دی۔پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے اور مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔