برطانیہ میں پاکستانی پی ایچ ڈی طالبِ علم کے لیے بین الاقوامی ٹریول ایوارڈ

بدھ 23 اپریل 2025 19:43

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2025ء) ڈاکٹر پنجوانی سینٹر برائے مالیکیو لر میڈیسن اور ڈرگ ریسرچ (پی سی ایم ڈی)جامعہ کراچی کے پی ایچ ڈی طالب علم نوررحمان کو ''آرٹیفیشل انٹیلی جنس کمپیٹنسیز'' پر منعقدہ ورکشاپ میں شرکت کے لیی14سو برطانوی پانڈ مالیت کا بین الاقوامی سفری ایوارڈ دیا گیا ہے۔ یہ ورکشاپ حال ہی میں یورپین بایوانفارمیٹکس انسٹیٹیوٹ (ای ایم بی ایل- ای بی آئی)، ساتھ بلڈنگ، ویلکم جینوم کیمپس، ہنکسن، کیمبرج، برطانیہ میں منعقد ہوئی۔

بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی ا ور حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس)جامعہ کراچی کے ترجمان نے بدھ کو ایک بیان میں کہا ہے کہ نور رحمان ڈاکٹر حمیرا ظفر کی نگرانی میں اپناپی ایچ ڈی کا تحقیقی کام کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے برطانیہ میں منعقدہ ورکشاپ میں ڈرگ ڈسکوری اور ویکسین کی تیاری میں مشین لرننگ طریقہ کار کے عنوان پر اپنا مقالہ پیش کیا۔

آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر ایم رضا شاہ نے پی ایچ ڈی طالب علم نوررحمان اور ان کی تحقیقاتی نگراں ڈاکٹر حمیرا ظفر کو مبارکباد دی۔ انھوں نے کہا کہ یہ کامیابی آئی سی سی بی ایس، جامعہ کراچی اور پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔ واضح رہے کہ ای ایم بی ایل- ای بی آئی یورپین مولیکیولر بایولوجی لیبارٹری کی چھ میں سے ایک سائٹ ہے جو ایک بین الحکومتی تحقیقی ادارہ ہے اور اسی20سے زائد رکن، متوقع رکن، اور ایسوسی ایٹ رکن ممالک فنڈ فراہم کرتے ہیں۔