Live Updates

تعلیم کسی بھی معاشرے کی ترقی کی بنیاد ہوتی ہے اور اس کے بغیر پائیدار ترقی ممکن نہیں،صوبائی وزیر کھیل

بدھ 23 اپریل 2025 22:20

ٹ*کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اپریل2025ء)صوبائی مشیر برائے کھیل و امورِ نوجوانان محترمہ مینا مجید بلوچ سے گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری اسکول مند کے ہیڈ ماسٹر حاجی شیر محمد نے ملاقات کی جس میں علاقے میں تعلیمی صورتحال، داخلہ مہم اور تعلیمی اداروں کی بہتری کے امکانات پر تفصیلات سے آگاہ کیا۔ ملاقات کے دوران محترمہ مینا مجید بلوچ نے اس امر پر زور دیا کہ نیا تعلیمی سال شروع ہو چکا ہے اور یہ وہ وقت ہے جب ہمیں اجتماعی طور پر کوشش کرنی چاہیے کہ ہر بچہ اسکول میں داخل ہو۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم کسی بھی معاشرے کی ترقی کی بنیاد ہوتی ہے اور اس کے بغیر پائیدار ترقی ممکن نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یونین کونسل مند جیسے پسماندہ علاقوں میں تعلیم کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہیڈ ماسٹر حاجی شیر محمد کو خصوصی ہدایات دیں کہ وہ یونین کونسل کی سطح پر والدین، کمیونٹی لیڈرز، اور مقامی نمائندوں کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں اور ایک مثر داخلہ مہم کا آغاز کریں تاکہ کوئی بچہ تعلیم کے حق سے محروم نہ رہ جائے۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ خاص طور پر بچیوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ صنفی مساوات کو فروغ دیا جا سکے اور تمام لوگوں سے اپیل کی کہ وہ بچوں خصوصا بچیوں۔کو سکولوں میں داخل میں کرائیں کیونکہ دور جدید کا مقابلہ صرف ایک تعلیم یافتہ اور باشعور قوم ہی کر سکتا ہے۔ محترمہ مینا بلوچ نے بتایا کہ حکومتِ بلوچستان آئندہ مالی سال کے پی ایس ڈی پی میں تعلیم کو مرکزی حیثیت دے رہی ہے اور یہ بجٹ وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی سربراہی میں تاریخی اہمیت کا حامل بجٹ ہو گا جو عوامی امنگوں، شفافیت، اور مثر پبلک سروس ڈیلیوری کی بنیاد پر تشکیل دیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کا عزم ہے کہ تعلیمی اداروں کو جدید انفراسٹرکچر، فرنیچر، اساتذہ کی تربیت اور تعلیمی وسائل کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ طلبا کو ایک معیاری تعلیمی ماحول میسر آئے۔ انہوں نے گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری اسکول مند کو ایک تاریخی اور علمی ورثہ قرار دیتے ہوئے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ وہ ذاتی طور پر اس ادارے کو جدید سہولیات سے آراستہ کرنے اور اس کی بحالی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ اس ادارے کو ماڈل اسکول میں تبدیل کیا جائے تاکہ یہ دوسرے تعلیمی اداروں کے لیے مثال بنے۔انہوں نے آخر میں اس بات پر زور دیا کہ تعلیم ہی وہ واحد راستہ ہے جس کے ذریعے قومیں اپنی تقدیر خود سنوار سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا، ہمیں اپنے بچوں کے ہاتھوں میں قلم دینا ہے، تاکہ وہ علم کی روشنی سے اپنے مستقبل کو روشن کریں اور بلوچستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں۔جبکہ ہیڈ ماسٹر حاجی شیر محمد نے صوبائی مشیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ یونین کونسل مند میں تعلیمی ترقی کے لیے بھرپور کوششیں جاری رکھیں گے۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات