برطانیہ میں سعودی سفیر کے لیے ڈپلومیٹ آف دی ایئر 2025 کا ایوارڈ

تقریب میں 90 سے زیادہ ملکوں کے سفیر اور ہائی کمشنر موجود تھے،غیرملکی میڈیا

جمعرات 24 اپریل 2025 11:40

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2025ء)برطانیہ میں سعودی سفیر شہزادہ خالد بن بندر بن سلطان بن عبدالعزیز کو مشرق وسطی اور شمالی افریقہ ریجن کیلیے ڈپلومیٹ آف دی ایئر 2025 کا ایوارڈ دیا گیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ڈپلومیٹ میگزین کی جانب سے یہ ایوارڈ لندن کے ہلٹن پارک لین ہوٹل میں سالانہ تقریب کے دوران دیا گیا، تقریب میں 90 سے زیادہ ملکوں کے سفیر اور ہائی کمشنر موجود تھے۔

(جاری ہے)

یہ ایوارڈ ڈپلومیٹ میگزین کے زیر اہتمام سالانہ نامزدگی اور ووٹنگ کے ذریعے دیا جاتا ہے۔ برطانیہ میں 180 سے زیادہ سفارتی مشنوں کے سفارتکاراس میں حصہ لیتے ہیں۔ یہ ایوارڈ برطانیہ میں سفارتی سرگرمیوں کے حوالے سے نمایاں خدمات پر سفارتکاروں کو دیا جاتا ہے۔ڈپلومیٹ میگزین برطانیہ میں سفارتی امور کے سب سے نمایاں میگزینوں میں سے ایک ہے جو سفارتی مشنوں کی سرگرمیوں اور بین الاقوامی ایشوز کو اجاگر کرتا ہے اور سالانہ تقریبات کا اہتمام کرتا ہے۔اس کا مقدصد سفارتکاروں کے درمیان رابطوں کو بڑھانا اور اس شعبے میں بہترین کارکردگی پر اعزاز دینا ہے۔