گلوبل چائلڈ ہیلتھ کے شریک ڈائریکٹر کا دورہ کے ایم یو ، پی ایچ ڈی سکالرز سے مکالمہ

جمعرات 24 اپریل 2025 17:50

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2025ء) خیبر میڈیکل یونیورسٹی(کے ایم یو)پشاور میں بین الاقوامی شہرت یافتہ معالج اور عالمی صحت کے ماہر پروفیسرڈاکٹر ذوالفقار اے بھٹہ کے ساتھ ایک نہایت فکری و متاثر کن نشست کا اہتمام کیا گیا۔ اس خصوصی اجلاس میں وی سی کے ایم یو پروفیسر ڈاکٹر ضیاءالحق سمیت تمام پی ایچ ڈی فیکلٹی ممبران اور ینگ ڈاکٹرز نے شرکت کی، جس کا مقصد تحقیق اور علمی قیادت کے مستقبل پر غور و فکر اور رہنمائی حاصل کرنا تھا۔

پروفیسر بھٹہ ایک عالمی شہرت یافتہ پاکستانی معالج اور محقق ہیں جنہوں نے ماں، نوزائیدہ اور بچوں کی صحت کے میدان میں انقلابی خدمات سر انجام دی ہیں۔ وہ اس وقت کینیڈا ٹورنٹو میں ’سک کڈز سینٹر فار گلوبل چائلڈ ہیلتھ‘ کے شریک ڈائریکٹر اور ’چائلڈ ہیلتھ ایویلیویٹو سائنسز‘ پروگرام کے سینئر سائنٹسٹ کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا تحقیقی و عملی کام نہ صرف عالمی ادارہ صحت بلکہ جنوبی ایشیا اور افریقہ کے متعدد مقامی پروگراموں کی بنیاد بنا ہے۔

نشست کے دوران پروفیسر بھٹہ نے کے ایم یو کی مجموعی کارکردگی اور صلاحیت پر روشنی ڈالتے ہوئے تحقیقی و تعلیمی قیادت پر تفصیلی بات چیت کی۔ انہوں نے اپنی گفتگو میں تعلیم کے ابتدائی مراحل کی اہمیت پر زور دیا، جسے انہوں نے انسانی شعور و ترقی کی "بنیاد" قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہر جامعہ کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے سائنسی و تحقیقی کام سے معاشرے پر مثبت اثرات ڈالے۔

پروفیسر بھٹہ نے کہا کہ محض تحقیقی اشاعتیں کافی نہیں ہوتیں بلکہ اصل قدر تب ہے جب تحقیق پالیسی سازی، نظامِ صحت کی بہتری اور انسانی زندگیوں میں حقیقی تبدیلی کا باعث بنے۔ انہوں نے کہا کہ اداروں کو چاہیے کہ وہ اپنی تحقیق کو مقامی ضروریات سے ہم آہنگ کریں اور اسے عالمی معیار کی سطح تک لے جائیں۔ انہوں نے بحرانوں کے دوران سائنسی تحقیق، مقامی حل، اور بین الادارتی تعاون کو اہم قرار دیا۔

انہوں نے نوجوان محققین کو دنیا میں تبدیلی لانے والے افراد قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان دنیا کو بدل سکتے ہیں،ہمیں ایسے سائنسدانوں کی ضرورت ہے جو جدت، ہمدردی اور مقصد کے ساتھ آگے بڑھیں۔ خیبر میڈیکل یونیورسٹی اور خیبر پختونخوا اس صلاحیت کے حامل ہیں کہ وہ عالمی صحت کے میدان میں گراں قدر خدمات انجام دے سکتے ہیں ۔ اس نشست کے دوران سوال و جواب کا سیشن بھی منعقد ہوا، جس میں فیکلٹی ممبران نے تحقیق میں فنڈنگ، بین الاقوامی اداروں سے شراکت، پالیسی سازی، اور نوجوانوں کی رہنمائی جیسے موضوعات پر سوالات کیے۔

وائس چانسلر کے ایم یو پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق نے پروفیسر بھٹہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کے عالمی سطح پر خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ ان کی رہنمائی ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے ایم یو اپنی تحقیقی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانے اور معاشرتی بہتری کے لیے علم پر مبنی کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ یہ علمی نشست ایک نئے عزم کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی جس میں فیکلٹی ممبران نے اس عہد کا اظہار کیا کہ وہ تحقیق، پالیسی سازی اور علمی فضیلت کے ذریعے کے ایم یو کو صحت کے عالمی مسائل کے حل میں کلیدی کردار ادا کرنے والا ادارہ بنائیں گے۔