ح*بلوچستان کے نوجوانوںکو انفارمیشن ٹیکنالوجی سے لیس کیا جائی:ندیم شاہ

ٴْڈائریکٹر آئی ٹی( ٹریننگ) ڈیپارٹمنٹ حکومت بلوچستان جواد احمد سے ملاقات کے موقع پر گفتگو

جمعرات 24 اپریل 2025 18:25

ھ*کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 اپریل2025ء)ڈائریکٹر آئی ٹی( ٹریننگ) سائنس اینڈ آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ حکومت بلوچستان جواد احمد نے جاپانی اعزازی قونصل جنرل سید ندیم عالم شاہ سے ملاقات کی ۔جاپان قونصلیٹ کوئٹہ میں ہونے والی گفتگو میں بلوچستان کی نوجوان نسل کوجدید انفارمیشن ٹیکنالوجی، ای کامرس ،آرٹیفیشل انٹیلی جنس ،ڈیجیٹل مارکیٹنگ سمیت مختلف ہنرسے لیس کرنے اور بلوچستان میں ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ کو فروغ دینے سمیت مختلف امور پر بات چیت ہوئی۔

جاپان کے اعزازی قونصل جنرل سید ندیم عالم شاہ نے بتایا کہ بیرون ملک ملازمت کیلئے جاپان ایک پرکشش مقام رکھتا ہے، جاپان میں پاکستانیوں کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی ، نرسنگ، عمارتوں کی صفائی، دھاتوں کی ڈھلائی، مشینوں کے پرزہ جات اور ٹولز کی صنعت، الیکٹریشن، الیکٹرانکس، تعمیرات، بحری جہاز سازی، آٹوموبیل، ایوی ایشن، رہائشی صنعت، زراعت، ماہی پروری، کھانے کی تیاری، اور سروس کے شعبہ جات میں نوکریوں کے بے شمار مواقع موجود ہیں،ہنرمند افرادی قوت کو جاپان میں مختلف شعبوں میں روزگار ملنے سے پاکستانی شہریوں کا معیارزندگی بہتر ہو گا اورپاکستان کی معیشت کو بھی استحکام ملے گا ۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر آئی ٹی ( ٹریننگ) سائنس اینڈ آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ حکومت بلوچستان جواد احمد نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان بے پناہ صلاحیتوں کے حامل ہیں اگر انہیں جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی، ای کامرس اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس کورسز کروادیئے جائیں تویہ نوجوان گھر بیٹھے ہزاروں ڈالرز کمانے کے قابل بن جائیں گے،2023 کی مردم شماری کے مطابق بلوچستان میں نوجوانوں کی مجموعی آبادی 28 لاکھ ہے اگر ان نوجوانوں کو ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ سے لیس کردیا جائے تو یہ نوجوان بلوچستان کی تقدیر بد ل سکتے ہیں ۔

جاپان کے اعزازی قونصل جنرل سید ندیم عالم شاہ نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ بلوچستان کے نوجوان بیرون ممالک میں روزی روٹی کمانے کیلئے بطور چوکیدار، مزدور یا ڈرائیور نہ جائیں بلکہ بلوچستان کے نوجوان معاشرے میں ایک کامیاب پروفیشنل، آئی ٹی ایکسپرٹ، سول انجینئر،ریسرچر اورسائنسدان کی حیثیت سے زندگی گزارنے کی صلاحیت پیدا کریں۔جاپان کے اعزازی قونصل جنرل سید ندیم عالم شاہ نے کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ ہنرمند شخص کسی کا محتاج نہیں رہتا اور وہ اپنے خاندان اور معاشرے دوسرے انسانوں کو بھی فائدہ پہنچا سکتا ہے، آرٹیفیشل انٹیلی جنس بڑی تیزی سے معیشت، روزمرہ زندگی اور انسانی رویوں پر اثر انداز ہو رہی ہے لہٰذا ضروری ہے کہ ہم اپنی نوجوان نسل کو پل پل بدلتی دنیا کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے عملی اقدامات کریں۔

ڈائریکٹر آئی ٹی( ٹریننگ) سائنس اینڈ آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ حکومت بلوچستان جواد احمد نے بتایا کہ بلوچستان حکومت ’چیف منسٹر یوتھ سکلز ڈویلپمنٹ اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ پروگرام‘ کے تحت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور الیکٹریشن سمیت مختلف شعبوں کے ہنر مند 30 ہزار نوجوانوں کو آنے والے پانچ سالوں کے دوران بیرو ن ملک ملازمت کے مواقع فراہم کرے گی اس پروگرام کے ابتدائی مرحلے میں تقریباً چھ ہزار نوجوان سعودی عرب روانہ کیے جا چکے ہیں جن کے تمام اخراجات حکومت بلوچستان نے برداشت کیے ہیں۔