Live Updates

پنجاب حکومت خواتین کو بااختیار بنانے،ہنر مند بنانے اور صنفی مساوات کو فروغ دینے کیلئے پرعزم ہے، پرنسپل گورنمنٹ وویمن کالج آف ٹیکنالوجی

جمعہ 25 اپریل 2025 13:50

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2025ء) پرنسپل گورنمنٹ وویمن کالج آف ٹیکنالوجی سیالکوٹ نے کہا کہ خواتین کا کردار امن کو فروغ دینے میں اہم ہے، خواتین کی قیادت اور نقطہ نظرسفارتی کوششوں میں ہمدردی اور استقامت کی ایک منفرد اور ضروری جہت لاتا ہے،خواتین کو با اختیار بنائے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا ۔ان خیالات کا اظہار پرنسپل گورنمنٹ وویمن کالج آف ٹیکنالوجی طاہرہ شیخ نے کالج میں"بااختیار خواتین اور پاکستان "کے موضوع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ معاشرتی میدان میں عورت کا کردار قابل ستائش ہے ۔خواتین کو تمام شعبوں میں آگے بڑھنے کے یکساں مواقع میسر ہیں۔ پرنسپل نے کہا کہ پنجاب حکومت خواتین کو بااختیار بنانے،ہنر مند بنانے اور صنفی مساوات کو فروغ دینے کے لئے پرعزم ہے۔ معاشر تی ترقی خواتین کی ترقی کے ساتھ گہرائی سے منسلک ہے۔ خواتین کو مقامی اور بین الاقوامی تعلقات میں کیریئر اختیار کرنا چاہیے ۔انہوں نے مزید کہا کہ مادر ملت فاطمہ جناح کی جدو جہد ہمارے لیے مشعل راہ ہے کیونکہ مادر ملت نے محنت کے ساتھ اپنے بھائی کا تحریک پاکستان میں ساتھ دے کر ثابت کیا کہ خواتین مردوں کے شانہ بشانہ کام کرکے اپنی منزل کو حاصل کر سکتی ہیں۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات