ڈویژن بھر میں روزانہ کوڑا کرکٹ اٹھانے کی شرح چار ہزار ٹن یومیہ تک پہنچ گئی ، ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی

جمعہ 25 اپریل 2025 16:20

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2025ء) چیف ایگزیکٹو آفیسر ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی عبدالزراق نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب ستھرا پنجاب مہم کے سلسلہ میں زیرو ویسٹ آپریشن کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے،ڈویژن بھر میں روزانہ کوڑا کرکٹ اٹھانے کی شرح چار ہزار ٹن یومیہ تک پہنچ گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کی جانب سےجمعہ کے روز یہاں شہراولیاء میں مساجد و دیگرعبادت گاہوں کے روٹس پرخصوصی صفائی آپریشن کیا گیا،بھاری مشینری اور واٹر باؤزرز کے ذریعے مساجد کی دھلائی کرکے راستوں پرچونا بھی چھڑکا گیا،شہر کے مرکزی بازاروں اور چوکوں پر بھی کوڑا کرکٹ کی تلفی کی گئی،سرکاری عمارات ،تعلیمی و کمرشل اداروں کے روٹس پر بھی صفائی ستھرائی کرکے چھڑکاؤ کیا گیا،سڑکوں کے ڈیوائیڈرز،خالی پلاٹس اور نالوں سے گندگی کے ڈھیروں کی خصوصی سکریپنگ بھی کی گئی۔

(جاری ہے)

سی ای او ایم ڈبلیو ایم سی نے کہا ہے کہ دیہی و شہری علاقوں میں یکساں صفائی نظام نافذ کرنے سے عوام کو براہ راست ریلیف ملا ہے،نجی کنٹریکٹرز کی کارکردگی کا کڑا آڈٹ کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب ستھرا پنجاب مہم کے تحت شہر اولیاء کو زیر ویسٹ کرنے کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں،بھاری مشینری کے ذریعے کوڑا کرکٹ اور ملبہ جات کو شہر سے باہر منتقل کیا جا رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کے وژن کے تحت شہر اولیاء کی صفائی کو مثالی بنانا مشن ہے۔