وفاقی پارلیمانی سیکرٹری امور کشمیر،گلگت بلتستان و سیفران انوارالحق چوہدری کا چیف کمشنر برائے افغان مہاجرین کے دفتر کا دورہ

جمعہ 25 اپریل 2025 21:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2025ء) وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے وزارت امور کشمیر،گلگت بلتستان اور سیفران انوارالحق چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت افغان مہاجرین کی ان کے ملک محفوظ واپسی کے لیے پرعزم ہے ۔یہاں جاری بیان کے مطابق وفاقی پارلیمانی سیکرٹری انوارالحق چوہدری نے جمعہ کے روز چیف کمشنر برائے افغان مہاجرین (سی سی اے آر) کے دفتر کا دورہ کیا ،ان کے اس دورے کے دوران ہیڈکوارٹر کے کمشنر فیاض وزیر نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

دورے کے دوران پارلیمانی سیکرٹری کو افغان مہاجرین کی موجودہ صورتحال اور ملک بھر میں قائم مہاجر کیمپوں کے انتظامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں مہاجرین کی آبادی، ان کی جغرافیائی تقسیم اور انہیں فراہم کی جانے والی سہولیات و خدمات کے مختلف پہلوئوں پر روشنی ڈالی گئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے افغان مہاجرین کو درپیش مسائل اور چیلنجز کو سمجھنے میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔

پارلیمانی سیکرٹری نے ان مسائل کے حل کے لیے مربوط کوششوں کی ضرورت پر زور دیا اور یقین دہانی کرائی کہ ان کے سامنے پیش کیے گئے خدشات متعلقہ حکام تک پہنچائے جائیں گے تاکہ مناسب اقدامات کیے جا سکیں۔بریفنگ کے دوران یہ بھی واضح کیا گیا کہ افغان مہاجرین کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد فراہم کرنے، ان کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے اور ان کی باعزت واپسی میں سہولت فراہم کرنے میں سی سی اے آر کا کردار نہایت اہم ہے۔

انوار چوہدری نے سی سی اے آر کے عملے کی انتھک کاوشوں کو سراہا اور ان کی افغان مہاجرین کی فلاح و بہبود کے لیے دی جانے والی خدمات کا اعتراف کیا۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ حکومت افغان مہاجرین کی محفوظ واپسی کے لیے پرعزم ہے اور ان کے قیام کے دوران ان کی فلاح و حفاظت کو یقینی بنایا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :