انارکلی میں واقع فرانسیسی جنرل جین فرانسو الارڈ کے مقبرے پر خصوصی پروگرام کا انعقاد

ہفتہ 26 اپریل 2025 13:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2025ء)فرانسیسی سفارتخانے ، پنجاب حکومت اور والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کے تعاون سے انارکلی میں واقع فرانسیسی جنرل جین فرانسو الارڈ کے مقبرے پر خصوصی پروگرام کا انعقاد کیا گیا ۔فرانسیسی جنرل جین فرانسو الارڈ جو کہ نپولین کے دور کی فرانسیسی فوج سے رخصت ہو کر مہاراجہ رنجیت سنگھ کی فوج میں شامل ہوئے تھے اور یہا ں مہاراجہ رنجیت سنگھ کی فوج میں تا حیات خدمات انجام دیں۔

اس موقع پر شرکا ء کو یہ جاننے کا موقع ملا کہ فرانسیسی اور دیگر غیر ملکی افسران نے انیسویں صدی میں پنجابی فوج کو جدید بنانے میں کس طرح مدد دی ۔ تقریب میں لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز میں آرٹ اور آرکیٹیکچرل ہسٹری کی ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر ندرہ شہباز خان نے کلیدی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر ندرہ نے لاہور، لاہور قلعے اور اس کی سکھ گیلری کے ثقافتی ورثے پر نئی اور دلچسپ معلومات شیئر کیں اور حاضرین نے ان کے علم اور تاریخ سے بھر پور لیکچر کوبے حد سراہا۔

تقریب کے دوران والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل کامران لاشاری نے کہاکہ والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی نہ صرف اس خطے کی بھرپور تاریخ کو اجاگر کرنے اور اس کے شاندار تعمیراتی ورثے کے تحفظ و بحالی کے لیے پرعزم ہے بلکہ ہماری ترجیح یہ بھی ہے کہ تاریخی عمارتوں کے ساتھ وابستہ شخصیات اور ان کے پس منظر کو بھی نمایاں کیا جائے۔ ہم محض عمارتوں کی ظاہری مرمت تک محدود نہیں، بلکہ ان کی تاریخی اہمیت کو اجاگر کرنا بھی اپنا فرض سمجھتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :