لاہور ہائیکورٹ کے 18 ججز کو 20 سے زائد یونیورسٹیوں کے سنڈیکیٹ، بورڈ آف گورنرز اور بورڈ آف ٹرسٹیز کا رکن مقرر کر دیا گیا

ہفتہ 26 اپریل 2025 19:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2025ء) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم سمیت 18 ججز کو پنجاب کی 20 سے زائد یونیورسٹیوں میں سنڈیکیٹ، بورڈ آف گورنرز اور بورڈ آف ٹرسٹیز کا ممبر مقرر کر دیا گیا۔اس سلسلے میں لاہور ہائیکورٹ کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق چیف جسٹس عالیہ نیلم کو پنجاب یونیورسٹی کے سنڈیکیٹ کا رکن مقرر کیا گیا ہے۔

جسٹس عابد عزیز شیخ یونیورسٹی آف ایجوکیشن کے سنڈیکیٹ، جبکہ جسٹس صداقت علی خان پیر مہر علی شاہ ایگریکلچر یونیورسٹی راولپنڈی کے سنڈیکیٹ کے رکن مقرر ہوئے۔اسی طرح جسٹس شمس محمود مرزا کو گورنمنٹ کالج یونیورسٹی، جسٹس شہباز علی رضوی کو بہاوالدین زکریا یونیورسٹی اور جسٹس فیصل زمان کو اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے سنڈیکیٹ کا رکن مقرر کیا گیا۔

(جاری ہے)

جسٹس شہرام سرور چوہدری اور جسٹس عابد مسعود نقوی یونیورسٹی آف لا کالج کے سنڈیکیٹ کے رکن بنائے گئے۔جسٹس شاہد کریم لمز یونیورسٹی کے بورڈ آف ٹرسٹیز، جسٹس چوہدری اقبال اور جسٹس رسال حسین سید گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کے ڈیپارٹمنٹ آف لا کے بورڈ آف سٹڈیز کے رکن مقرر ہوئے۔مزید برآں، جسٹس شہرام سرور چوہدری کو کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی، جسٹس جواد حسن کو کنئیرڈ کالج فار ویمن، جسٹس فاروق حیدر کو یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور اور فانڈیشن یونیورسٹی اسلام آباد، اور جسٹس محمد وحید خان کو فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی راولپنڈی کے سنڈیکیٹ کا رکن مقرر کیا گیا۔

جسٹس عاصم حفیظ نیشنل کالج آف آرٹ کے بورڈ آف گورنرز، جسٹس طارق ندیم محمد نواز شریف یونیورسٹی آف ایگریکلچر ملتان، جسٹس عابد حسین چٹھہ یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ٹیکساس، جسٹس علی ضیا باجوہ یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد اور جسٹس عبہر گل لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی کے سنڈیکیٹ کے رکن مقرر کیے گئے ہیں۔