Live Updates

پی سی ایم ای اے ،ٹڈیپ کے زیر اہتمام ہاتھ سے بنے قالینوں کی 41ویںعالمی نمائش7 اکتوبر سے شروع ہو گی

ٹڈیپ کی مشاورت سے غیر ملکی خریداروں کی فہرست کو مرتب کیا جائے گا‘ چیئرمین عتیق الرحمان، وائس چیئرمین ریاض احمد

اتوار 27 اپریل 2025 12:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2025ء)پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ا یکسپورٹرز ایسوسی ایشن اور ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان کے زیر اہتمام ہاتھ سے بنے قالینوں کی تین روزہ 41ویں عالمی نمائش رواں سال 7سے 9اکتوبر تک لاہور کے مقامی ہوٹل میں منعقد ہو گی ،عالمی نمائش میں ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت سے وابستہ مینو فیکچررز اور ایکسپورٹرز اپنے سٹالز لگائیں گے۔

یہ اعلان پی سی ایم ای اے کے اجلاس میں کیا گیا جس میں پیٹرن انچیف عبد اللطیف ملک ، چیئرمین میاں عتیق الرحمان ، وائس ریاض احمد، چیئر پرسن کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیو ٹ اعجاز الرحمان، سینئر رہنما عثمان اشرف ،میجر(ر) اختر نذیر ، سعید خان سمیت دیگر شریک ہوئے ۔ میاں عتیق الرحمان اور ریاض احمد نے کہا کہ ،ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان کی مشاورت سے غیر ملکی خریداروں کی فہرست کو مرتب کیا جائے گا ،امسال بھی عالمی نمائش کی موثر اور جدید تقاضوں کے مطابق تشہیر کویقینی بنایا جائے گا ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت سے وابستہ افراد کی عالمی نمائش سے بڑی امیدیں وابستہ ہیں ،عالمی نمائش کو مستقبل کے تناظر میں دیکھ رہے ہیں جس کے تحت پاکستان آنے والے غیر ملکی خریداروں سے طویل المدت بنیادوںپر رابطوں کو استوار کرنے کے لئے دو طرفہ ملاقاتوں کا بھی اہتمام کیا جائے گا ۔ انہوںنے کہاکہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان کی جانب سے ہرطرح کی معاونت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے جو اطمینان کا باعث ہے ، دیگر متعلقہ اداروں سے بھی اپیل ہے کہ پاکستان میں منعقد ہونے والے عالمی ایونٹ کی کامیابی کیلئے بھرپور تعاون فراہم کریں ،بیرون ممالک پاکستانی سفارتخانوں کوپابند کیا جائے کہ وہ ویزوںکے حصول میں آسانی پیدا کریں تاکہ غیر ملکی خریداروں کو سفر میں کسی طرح کی رکاوٹ کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

انہوں نے کہاکہ عالمی نمائش کی کامیابی کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی ، تیاریوں کے حوالے سے آنے والے دنوں میں کمیٹیاں تشکیل دے کر ذمہ داریاں تفویض کی جائیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی سے درخوا ست ہے کہ میگا ایونٹ کی کامیابی کیلئے ہمارے شانہ بشانہ چلا جائے تاکہ عالمی ایونٹ کے انعقاد سے سو فیصد نتائج حاصل ہوسکیں ۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات