Live Updates

ملک بھر میں کل عام تعطیل کا اعلان

سرکاری و نجی دفاتر، تعلیمی ادارے اور مارکیٹیں بند رہیں گی

Sajid Ali ساجد علی بدھ 30 اپریل 2025 13:29

ملک بھر میں کل عام تعطیل کا اعلان
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 اپریل 2025ء ) ملک بھر میں کل عام تعطیل کا اعلان کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے یوم مزدور کے موقع پر کل یکم مئی بروز بدھ کو ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا ہے، اس دن کی مناسبت سے مزدوروں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے ملک بھر میں تمام سرکاری و نجی دفاتر، تعلیمی ادارے اور مارکیٹیں بند رہیں گی۔

بتایا گیا ہے کہ بینک دولت پاکستان سمیت دیگر بینک بھی عام تعطیل کے باعث بند رہیں گے، سٹیٹ بینک نے یوم مزدور کے موقع پر کمرشل بینکوں اور مالیاتی اداروں کی بندش کا اعلان کیا، اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں ترجمان سٹیٹ بینک نے بتایا کہ بینک دولت پاکستان جمعرات یکم مئی 2025ء کو یومِ مزدور کے موقع پر عام تعطیل کے سبب بند رہے گا جس کے سبب کمرشل بینک اور مالیاتی ادارے بھی بند رہیں گے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ ہر سال یکم مئی کا دن عالمی یوم مزدور کے نام سے منایا جاتا ہے تاکہ دنیا بھر میں محنت کشوں کی تاریخی جدوجہد اور کامیابیوں کو یاد کیا جا سکے، سنہ 1886 میں امریکہ میں ٹریڈ یونینز نے برطانوی سماجی مصلح رابرٹ اوون کے پیغام کی بنیاد پر دن میں آٹھ گھنٹے کے اوقاتِ کار کا مطالبہ کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر ہڑتالیں شروع کیں، اس سلسلے میں سب سے بڑی ہڑتال یکم مئی کو شکاگو میں کی گئی اور ایک اندازے کے مطابق اس دن احتجاج کے لیے وہاں 40 ہزار کارکن جمع ہوئے۔

بتایا جارہا ہے کہ اس وقت شکاگو امریکی صنعت کا مرکز اور یونین آرگنائزیشن کا مرکز تھا۔، اس احتجاج کو کاروباری اور سیاسی حلقوں کی طرف سے پسندیدگی سے نہیں دیکھا گیا لیکن آنے والے دنوں میں اس میں اوقاتِ کار سے تنگ ہزاروں غیر مطمئن کارکن اس احتجاج میں شریک ہوئے، اس کی یاد میں ہر سال اس دن دنیا بھر میں مظاہرے ہوتے ہیں جن کا مقصد کارکنوں کو بہتر حالاتِ کار اور ٹریڈ یونینز کو زیادہ اختیارات دینے کے مطالبات دہرانا ہوتا ہے، ابتدائی دنوں میں چند سوشلسٹ اور کمیونسٹ تنظیمیں اور مزدور دوست گروہ یہ دن منایا کرتے تھے لیکن پھر اس کا دائرہ دنیا بھر میں پھیلتا گیا۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات