Live Updates

عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواست مقرر کرنے کی ہدایت، آئندہ ہفتے سماعت کا امکان

متفرق درخواست پر سماعت کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ کے قائمقام چیف جسٹس کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے سماعت کے بعد آرڈر جاری کردیا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 30 اپریل 2025 13:10

عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواست مقرر کرنے کی ہدایت، ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 اپریل 2025ء ) اسلام اباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواست مقرر کرنے کی ہدایت کردی جس کی آئندہ ہفتے سماعت کا امکان ہے۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی 190 ملین پاؤنڈز کیس میں سزا معطلی کی درخواستیں مقرر کرنے کی متفرق درخواست پر سماعت ہوئی جہاں اسلام آباد ہائیکورٹ کے قائمقام چیف جسٹس کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے سماعت کے بعد آرڈر جاری کیا جس میں عدالت نے 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس میں بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواست آئندہ ہفتے مقرر کرنے کی ہدایت کردی۔

بتایا گیا ہے کہ سماعت کے دوران علیمہ خان، شبلی فراز اور دیگر اسلام آباد ہائیکورٹ کے کورٹ روم نمبر ون میں موجود رہے، اپنے دلائل میں وکیل سلمان صفدر نے قائمقام چیف جسٹس سرفراز ڈوگر سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ میں رجسٹرار آفس کا گلہ آپ کے سامنے لے کر آیا ہوں، آفس سزا معطلی کی درخواستیں مقرر نہیں کر رہا، آپ کے سامنے جب کیس آتا ہے ہمیں ریلیف مل جاتا ہے لیکن ہم جو کیس آپ کے سامنے لانا چاہتے ہیں آفس وہ آنے نہیں دے رہا، آپ کیس مقرر کرنے کی ہدایت کر دیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے عدالت کو بتایا کہ عمران خان کو اِس القادر ٹرسٹ کیس میں تین بار گرفتار کیا گیا، پہلی بار اسلام آباد ہائیکورٹ سے 9 مئی کو کو گرفتار کیا گیا، سپریم کورٹ نے 9 مئی کی گرفتاری کو غیرقانونی قرار دیا، دوسری بار نیب نے گرفتار کیا تو اسلام آباد ہائیکورٹ نے دوسری بار ضمانت بعد از گرفتاری دیدی، عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواستیں سماعت کیلئے مقرر کر دی جائیں تو ہم اپیل مقرر کرنے کا کہیں گے ہی نہیں اور اس حوالے سے میں نے عمران خان سے ہدایات بھی لی ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات