گھروں میں کام کے بہانے چوریوں میں ملوث خواتین گینگ کی سرغنہ گرفتار، 40 تولے سونا برآمد

خواتین چور گینگ کی سرغنہ کو سی سی ٹی وی کیمروں اور ہیومن انٹیلی جنس کی مدد سے گرفتار کیا گیا، دوران تفتیش ملزمہ نے شہر کے مختلف علاقوں میں متعدد وارداتوں کا انکشاف کیا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 30 اپریل 2025 14:44

گھروں میں کام کے بہانے چوریوں میں ملوث خواتین گینگ کی سرغنہ گرفتار، ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 اپریل 2025ء ) صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں پولیس نے گھروں میں کام کے بہانے چوریوں میں ملوث خواتین گینگ کی سرغنہ کو گرفتار کرکے 40 تولے سونا برآمد کرلیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق لاہور کے علاقہ اقبال ٹاؤن کی انویسٹی گیشن پولیس نے پیشہ ور ملزمہ کو گرفتار کیا اور ملزمہ کی نشاندہی پر ایک کروڑ روپے سے زائد مالیت کا 40 تولہ سونا، موبائل فونز اور دیگر قیمتی اشیاء بھی برآمد کرلیں۔

اس حوالے سے ایس پی انویسٹی گیشن اقبال ٹاؤن نے بتایا کہ ملزمہ اور ساتھی خواتین گھروں میں کام کاج کے بہانے داخل ہوتی تھیں اور گھر والوں کی غیر موجودگی یا موقع ملتے ہی گھر کا صفایا کرکے فرار ہو جاتی تھیں، خواتین چور گینگ کی سرغنہ کو سی سی ٹی وی کیمروں اور ہیومن انٹیلی جنس کی مدد سے گرفتار کیا گیا ہے، دوران تفتیش ملزمہ نے شہر کے مختلف علاقوں میں متعدد وارداتوں کا انکشاف کیا۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں راولپنڈی پولیس نے خواتین کے ذریعے شہریوں کو ہنی ٹریپ کا شکار بنانے والے خواتین اور پولیس اہلکاروں سمیت 2 گینگز کو گرفتار کر لیا ، ترجمان راولپنڈی پولیس نے بتایا کہ مجموعی طور پر شہریوں کو ہنی ٹریپ کرکے لوٹنے میں ملوث 16 ملزمان کی گرفتاری دوران ان سے نقدی اور اسلحہ بھی ملا، صدر بیرونی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے پاکستانی نژاد مشرقی افریقی خاتون اور اس کے شوہر سمیت 6 افراد کو گرفتار کیا، گینگ کے قبضے سے 2 لاکھ 50 ہزار روپے اور اسلحہ برآمد ہوا۔

بتایا جارہا ہے کہ گرفتار ملزمہ سوشل میڈیا پر شہریوں سے رابطہ کرکے انہیں ملاقات کے بہانے بلا کر گینگ کے دیگر ارکان کے ساتھ مل کر لوٹ لیتی تھی، اس گینگ کے ارکان ڈیٹنگ ایپس کے ذریعے لوگوں کے رابطہ نمبرز اور ایڈرس معلوم کرتے اور پھر گینگ میں شامل خواتین لوگوں سے رابطہ کرتی تھیں، چند روز تک اس گینگ کی خواتین ان شہریوں سے سوشل میڈیا کے ذریعے رابطے میں رہتیں اور جب اُن میں شناسائی بڑھ جاتی تو خواتین ان افراد کو ملاقات کے لیے ایک مکان پر بلاتی تھیں، پولیس نے آفتاب عرف تابی گینگ کے 10 ارکان کو گرفتار کیا، جن میں خواتین اور پولیس اہلکار بھی شامل ہیں، گینگ کے قبضے سے 5 لاکھ روپے اور اسلحہ برآمد ہوا۔