Live Updates

پاکستانی بائیکر سید عمر رضوی حادثے میں جاں بحق

متحدہ عرب امارات کی بائیکنگ کمیونٹی اس المناک نقصان پر غمزدہ

Sajid Ali ساجد علی اتوار 27 اپریل 2025 13:28

پاکستانی بائیکر سید عمر رضوی حادثے میں جاں بحق
شارجہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 اپریل 2025ء ) متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی بائیکر سید عمر رضوی حادثے میں جاں بحق ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی بائیکنگ کمیونٹی سید عمر رضوی کے المناک نقصان پر غمزدہ ہے جو ایک موٹر سائیکل حادثے میں انتقال کرگئے، 45 سالہ پاکستانی نے سوگواران میں بیوی، ایک 18 سالہ بیٹا اور 14 سالہ بیٹی چھوڑی ہے، پاکستان رائیڈرز گروپ کے بانی نے اپنے پیغام میں کہا کہ "ہم نے نا صرف ایک پرجوش بائیکر بلکہ ایک قابل ذکر انسان کو کھو دیا، عمر ہمارے سب سے زیادہ فعال ارکان میں سے ایک تھے، وہ گرمجوشی اور زندہ دلی سے بھرپور ایک حیرت انگیز شخصیت کے مالک تھے، ان کی غیر موجودگی نے ایک ایسا خلا چھوڑا ہے جسے ہم پر نہیں کرسکتے"۔

بتایا گیا ہے کہ حادثے سے ٹھیک ایک دن پہلے عمر نے بالکل نئی موٹر سائیکل کی ڈیلیوری وصول کی تھی، خورفکن ہائی وے پر اپنی نئی ہیوی بائیک کی آزمائشی سواری کے دوران مبینہ طور پر ان کی موٹر سائیکل سڑک پر پھسل گئی، جس کے نتیجے میں یہ جان لیوا حادثہ ہوا، حادثے کے بعد انہین فوری طور پر ہسپتال لے جایا گیا تاہم وہ اگلی صبح زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے خالق حقیقی سے جا ملے۔

(جاری ہے)

متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے مرحوم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ "سفارتخانے کی جانب سے میں عمر رضوی کے المناک انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتا ہوں، ان کی پاکستان سے محبت اور بائیک کلچر سے لگن متاثر کن تھی، اللہ تعالیٰ ان کے خاندان کو ابدی سکون اور اس نقصان کو برداشت کرنے کی ہمت عطا فرمائے"۔ معلوم ہوا ہے کہ ایک بائیکر کے ساتھ ساتھ عمر ایک کامیاب تاجر بھی تھے جو شارجہ میں گوشت کی دکان چلاتے تھے، وہ اپنے خاندان کے ساتھ الفرجان میں رہائش پذیر تھے، وہ ایک ایسے دوست تھے جن کی مسکراہٹ ہر محفل کو روشن کرتی تھی۔ ان کی ہنسی اور رحم دلی ان کے آس پاس موجود تمام لوگوں کے دلوں کو چھو جاتی۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات