یمن پر امریکی حملے جاری، 8 شہری زخمی

امریکی لڑاکا طیاروں نے صنعا سمیت یمن کے متعدد صوبوں پر نئے فضائی حملے بھی کیے

اتوار 27 اپریل 2025 16:30

صنعائ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2025ء)امریکی لڑاکا طیاروں نے یمن کے متعدد صوبوں پر نئے فضائی حملے کیے، جن میں مختلف علاقوں، خاص طور پر دارالحکومت صنعا اور شمالی صوبہ سعدہ کو نشانہ بنایا گیا۔انصار اللہ (حوثیوں) سے وابستہ ذرائع ابلاغ کے مطابق ان حملوں میں سعدہ شہر کے ارد گرد 3 فضائی حملے اور صوبہ سعدہ کے ضلع کتاف کو نشانہ بنانے والے 4 فضائی حملے شامل ہیں۔

یمنی ذرائع ان حملوں کو جارحیت قرار دے رہے ہیں، السبین پر فضائی حملوں کے سلسلے میں سے ایک نے لبنانی ہسپتال کے قریب گھر کو نشانہ بنایا۔

(جاری ہے)

امریکی فورسز نے دارالحکومت کے شمال میں بنی الحارث ضلع میں ایک رہائشی علاقے کو بھی نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں کم از کم 8 شہری زخمی ہوئے۔یہ حملے ایسے وقت میں کیے گئے ہیں، جب امریکی افواج نے الحدیدہ، سعدہ، مارب اور الماہوت صوبوں کو نشانہ بناتے ہوئے 15 سے زائد حملے کیے۔

اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے یمن سے داغے گئے میزائل کو مار گرایا ہے۔ایکس پر ایک پوسٹ میں فوج نے کہا کہ اسرائیل کے اراوا اور بحیرہ مردار کے علاقے پر فائر کیے گئے راکٹ کو سائرن بجنے کے بعد روکا گیا۔فوج نے کہا کہ اس راکٹ کو اسرائیلی علاقے میں داخل ہونے سے پہلے ہی روک لیا گیا، کوئی نقصان نہیں ہوا۔