میرپور پولیس کی کارروائی، بین الاقوامی ڈرگ سمگلرز نیٹ ورک کے مرکزی کارندے ارشد بلو سمیت 10افراد گرفتار

پیر 28 اپریل 2025 21:03

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2025ء) میرپور پولیس نے بین الاقوامی ڈرگ سمگلر ز نیٹ ورک کے مرکزی کارندے ارشد بلو سمیت 10افرادکو گرفتارکر لیا۔ ایس ایس پی میرپور خاور علی شوکت نے میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ میرپور پولیس نے بین الاقوامی ڈرگ سمگلر ز کا نیٹ ورک ٹریس کرتے ہوئے مرکزی ملزم ارشد بلو سمیت 10افرادکو گرفتارکر لیا، مختلف مقدمات میں 4کلو گرام سے زائد ہیروئین برآمد، ڈرگ نیٹ ورک سے منسلک نجی کرنسی ایکسچینج سیل،1کروڑ سے زائد ملکی و غیر ملکی کرنسی اور اسلحہ برآمد، 77سے زائد کھاتہ رجسٹر اور دیگر اہم دستاویزت سمیت ملزمان کے زیر استعمال 5گاڑیاں بھی ضبط کر لی گئیں۔

تفصیلات کے مطابق سوموار کو ایس ایس پی میرپور خاور علی شوکت نے پولیس افسران کے ہمراہ ایس ایس پی آفس میں میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ میرپور میں 2015سے راجہ ارشد عرف بلو بین الاقوامی منشیات کانیٹ ورک چلا رہاتھاجوکے پی کے، آزادکشمیر اور اسلام آباد سے ہیروئین پارسل اور دیگر ذرائع سے برطانیہ سمگل کرتے رہے۔

(جاری ہے)

ارشد بلو کے خلاف 2013میں برطانیہ میں ہیروئین سمگلنگ پر مقدمہ درج ہوا جس میں اس کا ساتھی قیصر بھی شامل تھا جسے بعد میں برطانوی عدالت نے7 سال سزا سنائی۔

گرفتاری کے چند ماہ بعد ارشد بلو برطانیہ میں ضمانت پر رہا ہوا اور پھر وہاں سے فرار ہو کر پا کستان آ گیا۔ 2015میں ارشد بلو نے منشیات سمگلنگ کیلئے نیٹ ورک تشکیل دیا جس میں راجہ فیصل، عظیم، ندیم، حسن رووف اور دیگر افراد نے ہیروئین برطانیہ سمگل کرنا شروع کی۔ یہ ملزمان ہیروئین بذریعہ کوریئر برطانیہ سمگل کرنے پر میرپور میں گرفتار رہے اور ان پرمیرپور کے مختلف تھانوں میں متعدد مقدمات درج ہیں۔ اس بین الاقوامی ڈرگ نیٹ کے مرکزی ملزم ارشد بلو کو میرپورسے گرفتار کیا گیا۔ ملزم ارشد بلو نے دوران تفتیش بین الاقوامی ڈرگ نیٹ میں ملوث برطانیہ، کے پی کے، راولپنڈی، اسلام آباد اور آزادکشمیر کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے افراد کا انکشاف کیاہے۔