کرم ،متحارب فریقین کے مابین فرقہ ورانہ فسادات کے بعد کئی ماہ حالات معمول پر آنے لگے

پیر 28 اپریل 2025 19:25

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2025ء) قبائلی ضلع کرم میں متحارب فریقین کے مابین فرقہ ورانہ فسادات کے نتیجے میں پیداہونے والی کئی ماہ کی طویل کشیدگی کے بعد حالات تیزی سے معمول پر آرہے ہیں اورڈویژنل و ضلعی انتظامیہ اور سیکیورٹی فورسز کے عملی اور بھرپوراقدامات سے رفتہ رفتہ امن بحال ہونا شروع ہوگیاہے ۔سینکڑوں کی تعداد میں سالہا سال سے قائم سینکڑوںبنکرز مکمل پر ختم کردئے گئے ہیں۔

ہتھیاروںکے خلاف آپریشن شروع کرکے بڑا اسلحہ جمع کرایا جارہا ہے۔ خوش آئند امر یہ ہے کہ عام لوگوں کا ایک دوسرے کے علاقوں میں آنا جاناشروع ہوکراعتماد بحال ہورہا ہے ۔مقامی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز اپرکرم کے کھلاڑیوں نے کرم انتظامیہ اور کرم سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے تعاون سے لوئر تحصیل ہیڈکوارٹرصدہ شہرمیں مقامی کھلاڑیوں کے ساتھ خیرسگالی کے طور پر کرکٹ میچ کھیلا۔

(جاری ہے)

ادھر سابق وفاقی وزیر ساجد حسین طوری نے بھی اپنے بیان میں تسلیم کیا ہے کہ پاراچنار میں حالات میں کافی بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوہاٹ معاہدے پر عمل درآمد ہو رہا ہے انشاء اللہ وہ وقت دور نہیں کہ ضلع کرم امن کا گہوارہ بن جائے گا انہوں نے جی او سی 9 ڈویژن ذوالفقار علی بھٹی، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ،آئی جی خیبرپختونخوا، آر پی او کوہاٹ ڈویژن،کمشنر کوہاٹ ڈویژن،سول انتظامیہ اور فورسز کی انتھک محنت کی وجہ سے حالات معمول پر آ رہے ہیں ۔