Live Updates

جام کمال خان کی زیر صدارت نیشنل کمپلائنس ایڈوائزری کونسل کا پہلا اجلاس، برآمدات کے معیار اور مسابقت میں بہتری پر زور

پیر 5 مئی 2025 22:59

جام کمال خان کی زیر صدارت نیشنل کمپلائنس ایڈوائزری کونسل کا پہلا اجلاس، ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مئی2025ء)وزارت تجارت کے تحت ای ڈی ایف فنڈڈ منصوبے نیشنل کمپلائنس سینٹر (این سی سی ) کیلئے نیشنل کمپلائنس ایڈوائزری کونسل (این سی اے سی ) کا پہلا اجلاس وفاقی وزیر تجارت جناب جام کمال خان کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان نے بھی شرکت کی۔این سی اے سی ایک رہنما ادارہ ہے جو نیشنل کمپلائنس سینٹر (این سی سی ) کی رہنمائی کے لیے تشکیل دیا گیا ہے، اس میں صنعت، برآمدی ایسوسی ایشنز، ایف پی سی سی آئی، بین الاقوامی شراکت داروں، ایچ ای سی، صوبائی نمائندوں اور متعلقہ وفاقی وزارتوں کے نمائندے شامل ہیں۔

اجلاس میں وزارت تجارت کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر جنرل نے این سی سی کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی، جبکہ ہیڈ آف کمپلائنس ڈاکٹر نبیل امین نے ادارے کی پیش رفت، آئندہ منصوبہ بندی، مستقبل کا روڈ میپ اور منظوری کے لیے ایجنڈا پیش کیا۔

(جاری ہے)

این سی سی کا بنیادی مقصد پاکستان کی برآمدات کو تمام شعبوں بشمول خدمات، صنعت، معدنیات اور زراعت میں فروغ دینا ہے۔

ادارے کی دیگر ترجیحات میں ملک بھر میں معیارات کو عالمی ای ایس جی فریم ورک، او ایس ایچ ، پائیداری، ایس ڈی جیز ، ٹریس ایبلٹی، نیشنل کوالٹی انفراسٹرکچر، ایکریڈیٹیشن اور پیداواریت کے مطابق ہم آہنگ کرنا شامل ہے، جو قومی و بین الاقوامی اداروں، چیمبرز، برآمدی ایسوسی ایشنز اور وفاقی و صوبائی حکومتوں کے اشتراک سے کیا جائے گا۔این سی سی کی ماہرین پر مشتمل ٹیم، ریسرچ ایسوسی ایٹس، ایڈمنسٹریشن اور آؤٹ ریچ ٹیم نے شرکائے اجلاس کا پرتپاک استقبال کیا۔

پیش کردہ بریفنگ میں پاکستان کی برآمدی مسابقت کو بہتر بنانے کی اہم ضروریات اور تقاضوں کو اجاگر کیا گیا، خاص طور پر چھوٹے اور درمیانے درجے کے اداروں (ایس ایم ایز ) اور مصنوعات کی سطح پر بین الاقوامی تقاضوں سے ہم آہنگی کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔این سی اے سی نے این سی سی کے دائرہ کار اور مینڈیٹ کی منظوری دی اور ادارے کی تیار کردہ حکمت عملی کی توثیق کی۔

اراکین نے NCC کی اب تک کی کارکردگی کو سراہا اور مستقبل میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔اجلاس ایک نہایت مفصل اور کھلا مکالمہ تھا جس میں ایک جامع اور قابلِ پیمائش حکمت عملی کی تشکیل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اختتام پر وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے این سی سی کی کوششوں اور پیش رفت کو سراہا اور ادارے کی صوبوں تک توسیع کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔انہوں نے ڈاکٹر نبیل امین کو ہدایت کی کہ وہ قومی و بین الاقوامی سطح پر کمپلائنس کے عمل کو تیز کرنے کے لیے مختلف شعبوں کے لیے ورکنگ گروپس تشکیل دیں۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات