حنا پرویز بٹ کا باغبانپورہ میں گھریلو تشدد کا شکار ہونے والی خاتون کے گھر کا دورہ،انصاف کی یقین دہانی کرائی

پیر 5 مئی 2025 23:05

حنا پرویز بٹ کا باغبانپورہ میں گھریلو تشدد کا شکار ہونے والی خاتون ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2025ء) وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی ہدایات پر چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی و رکن پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ نے لاہور کے علاقے باغبانپورہ میں گھریلو تشدد کا شکار ہونے والی خاتون سحر شہزادی کے گھر جا کر اس سے ملاقات کی۔متاثرہ خاتون کی جانب سے درج کرائے گئے مقدمہ کے مطابق سحر شہزادی نے اپنے شوہر علی منظور چوہدری، دیور حسن منظور اور نند آمنہ منظور پر گھریلو جھگڑے کے دوران بدترین جسمانی تشدد، کپڑے پھاڑنے، گلہ دبانے اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے کا الزام لگایا ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق ملزمان نے زیورات کا مطالبہ پورا نہ ہونے پر خاتون کو بچوں کے سامنے تشدد کا نشانہ بنایا، نیم بیہوشی کی حالت میں چھوڑا اور اس کی عزت و وقار کو مجروح کیا۔

(جاری ہے)

حنا پرویز بٹ نے متاثرہ خاتون سے ملاقات کے دوران مکمل انصاف کی یقین دہانی کراتے ہوئے اعلان کیا کہ مرکزی ملزم علی منظور چوہدری کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ دیگر نامزد ملزمان حسن منظور اور آمنہ منظور کی گرفتاری کے لیے پولیس کی جانب سے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

انہوں نے پولیس کو ہدایت جاری کی کہ تمام ملزمان کو جلد از جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔وزیراعلی پنجاب کے وژن کے مطابق پنجاب میں خواتین پر تشدد کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور متاثرہ خواتین کو فوری تحفظ اور انصاف فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سحر شہزادی کو قانونی معاونت، طبی سہولیات اور نفسیاتی مشاورت فراہم کی جائے گی تاکہ وہ جلد از جلد بحالی کی طرف لوٹ سکے۔