کینالز کیخلاف احتجاج میں پولیس سے تصادم، تین مقدمات درج، ملزمان کی تلاش شروع

احتجاج پر پولیس سمجھانے گئی تو 200افراد نے حملہ کیا، مارا پیٹا، موبائل جلائی، بلٹ پروف جیکٹ چھینی، ایف آئی آر

پیر 28 اپریل 2025 21:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2025ء)دریائے سندھ میں کینالز بنانے کے خلاف قومی شاہراہ لنک روڈ پر وکلا اور قوم پرست جماعتوں کے احتجاج میں مظاہرین پر پولیس پر حملے اور موبائل جلانے کے تین مقدمات درج ہوگئے، پولیس نے ویڈیوز حاصل کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی۔ مظاہرین کے خلاف دو مقدمات اسٹیل ٹان تھانے اور تھانہ بن قاسم ٹاون تھانے میں ایک مقدمہ درج کیا گیا۔

مقدمات سرکاری مدعیت میں بلوے، کار سرکار میں مداخلت، املاک کو نقصان پہنچانے، دھمکیاں دینے اور انسداد دہشت گری کی دفعات کے تحت درج کیے گئے ہیں جن میں 21 افراد کونامزد کیا گیا ہے۔ایف آئی آرز کے متن کے مطابق 200 سے زائد نامعلوم افراد نے پولیس پر حملہ کیا، پولیس افسران مظاہرین کو سمجھانے گئے تو انہوں نے پولیس پر حملہ کردیا، مشتعل مظاہرین کی جانب سے پولیس موبائلوں کو بھی نقصان پہنچایا گیا، مظاہرین نے پولیس موبائل بھی نذر آتش کی، مشتعل افراد کے حملے میں اہلکار بھی زخمی ہوئے۔

(جاری ہے)

ادھر پولیس نے سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور جلا گھیرا کے واقعے کے وقت موجود افراد کی تصاویر اور ویڈیوز حاصل کرلی ہیں، پولیس کی جانب سے شرپسند عناصر کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔پولیس حکام نے کہا ہے کہ پولیس موبائل کو توڑنے کے بعد نذر آتش کرنے والے شرپسند عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، پرتشدد ہجوم میں موجود مسلح افراد نے پولیس اہلکاروں سے بلٹ پروف جیکٹ بھی چھینی، ایک شرپسند کو فوٹیج میں پولیس اہلکار کی بلٹ پروف جیکٹ پہنے دیکھا جاسکتا ہے۔

حکام کے مطابق مشتعل ہجوم میں چہروں کی شناخت سے ملزمان کی گرفتاری عمل میں لائی جائے گی، شرپسند عناصرکی حاصل کردہ فوٹیجزز کا جائزہ لیا جارہا ہے، ہجوم میں موجود ملزمان کے چہروں کی شناخت کیلئے دیگر تحقیقاتی ٹیکنالوجیز استعمال کی جائیں گی۔