پارلیمانی سیکرٹری میر لیاقت علی لہڑی کی زیر صدارت روڈ سیفٹی کے حوالے سے سیمینار کا انعقاد

پیر 28 اپریل 2025 22:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2025ء) پارلیمانی سیکرٹری برائے ٹرانسپورٹ میر لیاقت علی لہڑی کی زیر صدارت روڈ سیفٹی کے حوالے سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر میر لیاقت علی لہڑی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی خصوصی ہدایت پر روڈ سیفٹی کے حوالے سے سیمینار کا انعقاد کیا گیاجس کا مقصد عوام کو سفر کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنا جبکہ محفوظ، معیاری اور باوقار سفر کے فروغ کیلئے اقدامات کو اجاگر کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ اور نیشنل ہائی ویز اتھارٹی کے اشتراک سے آگاہی سیمینار کا انعقاد خوش آئند ہے، ہماری کوشش ہوگی کہ آئندہ بھی اس طرح کے پروگراموں کا انعقاد یقینی بنایا جاسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی کاوشوں سے 21 مزید بسیں پبلک ٹرانسپورٹ کے طور استعمال میں لائی جارہی ہیں، ان میں سے 4 بسیں تربت جبکہ دیگر صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں چلیں گی۔ سیمینار سے اپنے خطاب میں سیکرٹری ٹرانسپورٹ محمد حیات کاکڑ نے کہا کہ صوبے کی شاہراہوں کو محفوظ بنانے اور گاڑیوں کی الاٹمنٹ اور ڈرائیونگ لائسنسوں کے اجرا تک کے عمل کو موثر اور سخت شرائط سے مشروط کیا گیا ہے تاکہ غفلت کے چانسز کو کم سے کم سطح تک لایا جاسکے۔