صوبائی مشیر کھیل و امور نوجوانان مینا مجید بلوچ کی زیر صدارت محکمہ کھیل و امور نوجوانان کا اہم اجلاس منعقد

پیر 28 اپریل 2025 22:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2025ء) صوبائی مشیر کھیل و امور نوجوانان محترمہ مینا مجید بلوچ کی زیر صدارت محکمہ کھیل و امور نوجوانان کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکریٹری کھیل و امور نوجوانان طارق قمر بلوچ، ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس ڈاکٹر یاسر بازئی، ڈائریکٹر امور نوجوانان الیاس بلوچ سمیت محکمہ کے دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کا بنیادی مقصد آئندہ مالی سال 2025ـ26 کے لیے محکمے کی مجوزہ منصوبہ بندی اور جاری منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لینا تھا۔ اجلاس کے دوران آئندہ مالی سال میں کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کی بہتری، نئے کھیلوں کے منصوبوں کی منظوری، نوجوانوں کے لیے ترقیاتی پروگرامز، اور صوبہ بھر میں اسپورٹس سرگرمیوں کے فروغ سے متعلق مجوزہ منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

مینا مجید بلوچ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کی مثبت سرگرمیوں کے لیے کھیلوں کے مواقع اور سہولیات فراہم کرنا حکومت بلوچستان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے منصوبے ایسے ہونے چاہئیں جو نوجوانوں کو صحت مند تفریح، مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کریں۔ اجلاس میں موجودہ مالی سال 2024ـ25 کے دوران صوبے بھر میں جاری منصوبوں کی رفتار اور ان کے معیار کا بھی جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر متعلقہ افسران نے جاری منصوبوں پر پیش رفت سے متعلق بریفنگ دی اور درپیش چیلنجز اور ان کے حل سے متعلق سفارشات پیش کیں۔محترمہ مینا مجید بلوچ نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت، معیار اور بروقت تکمیل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ ہر منصوبے کی مانیٹرنگ کا موثر نظام بنایا جائے تاکہ نوجوانوں اور کھلاڑیوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ اجلاس کے اختتام پر صوبائی مشیر نے افسران کی کارکردگی کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ محکمہ آئندہ بھی کھیل اور نوجوانوں کے امور میں مزید بہتری کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھے گا۔

متعلقہ عنوان :