د*صوبائی پرنٹ میڈیا کی بقاء کی جنگ سے دستبردار نہیں ہونگے، ایکشن کمیٹی

؂3 مئی عالمی یوم صحافت کے موقع پر ریلی کااعلان ، سینئر صحافیوں کی پرنٹ میڈیا کیساتھ اظہار یکجہتی، ساتھ دینے کی یقین دہانی

پیر 28 اپریل 2025 23:05

۲کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 اپریل2025ء) ایکشن کمیٹی اخباری صنعت بلوچستان کے نمائندہ وفد نے کوئٹہ پریس کلب کے جنرل سیکرٹری ایوب ترین ،رضا الرحمن ،رشید بلوچ ،خبر رساں اداروں کے بیورو چیفس دانیال بٹ ،ظاہر خان ناصر،یعقوب شاہوانی ،عبدالخالق رند، علی اور پریس کلب کے دیگر اراکین سے ملاقاتیں ۔ ملاقاتوں میں صوبائی پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کو درپیش مسائل خصوصاً حکومت کی جانب سے صوبائی پرنٹ میڈیا کو ختم کرنے کی کوششوں کے حوالے سے بات چیت کی گئی ۔

ایکشن کمیٹی نے کوئٹہ پریس کلب کے جنرل سیکرٹری ایوب ترین کے سامنے اپنا موقف پیش کرتے ہوئے کہا کہ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا انتہائی سخت دور سے گزر رہا ہے اس موقع پر پوری صحافی برادری کو یکجا ہوکر آواز بلند کرنا ہوگی چینلز میں ڈائون سائزنگ اور پرنٹ میڈیا کو اشتہارات کی بندش کا سامنا کرنا پڑرہا ہے جس سے صنعت سے وابستہ ہزاروں لوگ متاثر ہونگے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پریس کلب کے جنرل سیکرٹری ایوب خان ترین کا کہنا تھا کہ بلاشبہ اخبارات ،جرائد اور الیکٹرانک میڈیا سے وابستہ صحافیوں اور کارکنوں کا تحفظ کیلئے اپنے دیگر ساتھیوں سے مشاورت کیلئے ایجنڈا ان کے سامنے پیش کرینگے ۔ نجی ٹی وی چینل کے بیورو چیف اور کوئٹہ پریس کلب کے سابق صدر رضا الرحمن نے بھی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ہمیشہ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے مسائل کو اپنا سمجھ کر ہمیشہ مثبت کردار ادا کرنے کی کوشش کی اور آئندہ بھی مثبت کردار ہی ادا کرینگے اس سلسلے میں انہوں نے اپنے پورے تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ اگر صحافتی ادارے بندش کی جانب جائینگے تو صوبے کی واحد صنعت تباہی سے دوچار ہوجائیگی ۔

اس موقع پر ایکشن کمیٹی اخباری صنعت بلوچستان کے وفد نے صوبے کے سینئر صحافیوں کی جانب سے حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے حقیقی اخبارات اور جرائد کی بقاء کی جنگ سے کسی صورت دستبردار نہیں ہونگے،صوبائی پرنٹ میڈیا نے ہمیشہ حکومت کا مثبت چہرہ پیش کیا اب حکومت کیسے اتنے بڑے اقدامات سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیئے بغیر اٹھا سکتی ہے ۔

حکومت کی جانب سے ہمیشہ یہاں کے صوبائی پرنٹ میڈیا کو نظر انداز کرکے پالیسی سازی کی کوششیں کی جاتی رہیں جس سے مسائل گھمبیر صورت اختیار کرچکے ہیں ۔ اس موقع پر ایکشن کمیٹی کے ذمہ داران کا کہنا تھا کہ 3 مئی عالمی یوم صحافت کے موقع پر پرامن احتجاجی ریلی کا انعقاد کیاجائے گا اوردرپیش مسائل کو تمام صحافی برادری کے سامنے رکھیں گے ۔دریں اثناء ایکشن کمیٹی اخباری صنعت بلوچستان کا جنرل باڈی اجلاس 30 اپریل بروز بدھ روزنامہ صحافت کے دفتر میں منعقد ہوگا ۔ اجلاس میں اراکین کے سامنے تاحال ہونیوالی ملاقاتوں اور پیشرفت سے اراکین کو آگاہ اور آئندہ کے لائحہ عمل کو حتمی شکل دی جائیگی ۔