چیئرنگ کراس پر گرینڈ ہیلتھ الائنس کے دھرنے پر پولیس کا آپریشن، درجنوں مظاہرین گرفتار

کارروائی کے دوران 52 خواتین اور 20 مرد مظاہرین کو گرفتار کیا گیا

منگل 29 اپریل 2025 15:36

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2025ء)چیئرنگ کراس پر گرینڈ ہیلتھ الائنس کی جانب سے جاری دھرنے پر پولیس نے رات گئے آپریشن کلین اپ کرتے ہوئے کارروائی کی، جس کے دوران دھرنے کے متعدد شرکاء کو حراست میں لے لیا گیا۔ذرائع کے مطابق پولیس کی بھاری نفری نے جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب کو دھرنے کے مقام پر کارروائی کی۔ کارروائی کے دوران 52 خواتین اور 20 مرد مظاہرین کو گرفتار کیا گیا۔

گرفتار افراد کو قریبی تھانوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

آپریشن کے دوران پولیس نے دھرنے کے مقام پر موجود تمام سامان، بشمول بینرز، خیمے اور دیگر اشیاء، بھی ہٹا دیے۔ علاقے میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے اور چیئرنگ کراس کے اطراف ٹریفک کو متبادل راستوں پر موڑ دیا گیا۔گرینڈ ہیلتھ الائنس کی جانب سے دھرنا سرکاری ہسپتالوں کے ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرامیڈیکل اسٹاف کے مطالبات کے حق میں دیا گیا تھا، جس میں تنخواہوں، سروس اسٹرکچر اور سہولیات کی بہتری کا مطالبہ کیا جا رہا تھا۔پولیس ذرائع کے مطابق کارروائی کا مقصد عوام کی آمد و رفت میں حائل رکاوٹیں ختم کرنا اور امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنا تھا۔