Live Updates

متنازعہ کینالوں کے خلاف جدوجہد میں سندھ کے شعور کی جیت ہوئی ہے، حلیم عادل شیخ

منگل 29 اپریل 2025 19:11

متنازعہ کینالوں کے خلاف جدوجہد میں سندھ کے شعور کی جیت ہوئی ہے، حلیم ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2025ء)پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے ایک اہم وڈیو بیان میں کہا ہے کہ دریائے سندھ پر متنازعہ کینالوں کے خلاف سندھ کے عوام نے شعور، اتحاد اور جدوجہد کا بے مثال مظاہرہ کیا ہے، جس کے نتیجے میں یہ منصوبہ وفاقی حکومت کو واپس لینا پڑا۔ انہوں نے اسے سندھ کے شعور کی فتح قرار دیا اور کہا کہ ہم اس عوامی جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے صدر آصف علی زرداری کی گٹھ جوڑ سے دریائے سندھ پر ڈاکہ ڈالنے کی سازش کی گئی، جس کے خلاف سندھ کی باشعور عوام، خاص طور پر وکلا برادری، ایک قوم کی طرح کھڑی ہو گئی اور بھرپور مزاحمت کی۔ حلیم عادل شیخ نے کراچی بار کے صدر عامر نواز وڑائچ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ببرلوئی دھرنے میں سندھ کا بھرپور مقدمہ لڑا اور سندھ کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کیا۔

(جاری ہے)

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ دریائے سندھ بچا تحریک میں شامل تمام جماعتوں نے سندھ کے پانی پر ڈاکے خلاف بھرپور احتجاج کیا، اور وکلا برادری نے سندھ کے اس اہم مسئلے پر مثالی کردار ادا کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہباز شریف اور بلاول بھٹو زرداری کی پریس کانفرنسوں ایک ٹوپی ڈرامہ تھا اگر مسئلہ ختم ہوگیا تھا، تو پھر کونسل آف کامن انٹرسٹ (CCI) میں کیوں جانا پڑا حلیم عادل شیخ نے کہا وفاق کو سندھ کے عوام کے دبا پر پیچھے ہٹنا پڑا۔

حلیم عادل شیخ نے کہا 17 سالوں میں پیپلزپارٹی نے سندھ کے وسائل پر ڈاکا ڈالا ہوا ہے سندھ کی عوام سے صحت، تعلیم، سمیت دیگر بنیادی سہولیات چھین رکھی ہیں سندھ کے ہاریوں کا پانی بھی پیپلزپارٹی کے وڈیرے چوری کر لیتے ہیں ٹیل کے کاشتکاروں تک پانی نہیں پہنچ رہا ہے۔حلیم عادل شیخ نے سندھ کے کسانوں کو درپیش پانی کے بحران پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دریائے سندھ میں جو سندھ کے حصے کا پانی ملتا ہے کیا وہ پانی سندھ کے عام کاشتکاروں عام شہریوں تک پہنچتا ہی حلیم عادل شیخ نے کہا سندھ میں ٹیل تک کاشتکاروں کو پانی نہیں پہنچ رہا ، اور سوال اٹھایا کہ کیا دریائے سندھ کا پانی شہریوں اور عام لوگوں تک پہنچ رہا ہی ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے حکمران ہاریوں کا پانی تک بیچ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری تحریک رکی نہیں ہے، اور جب تک سندھ کے کاشتکاروں کا پانی محفوظ نہیں ہوتا، ہم سڑکوں پر آئیں گے۔ ہم سندھ کے شعور کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے سندھ بھر میں جائیں گے اور عوام کو بیدار رکھنے کی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات