Live Updates

ای او بی آئی پنشن میں اضافہ کر دیا گیا

بزرگ پنشنرز اور بیوا خواتین کو یکم مئی سے 15 فیصد اضافے کے ساتھ ای او بی آئی پنشن ملے گی

muhammad ali محمد علی منگل 29 اپریل 2025 19:53

ای او بی آئی پنشن میں اضافہ کر دیا گیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 اپریل2025ء) ای او بی آئی پنشن میں اضافہ کر دیا گیا، بزرگ پنشنرز اور بیوا خواتین کو یکم مئی سے 15 فیصد اضافے کے ساتھ ای او بی آئی پنشن ملے گی۔ تفصیلات کے مطابق نجی شعبہ کے ملازمین کو ان کی ریٹائرمنٹ، معذوری اور ان کی وفات کی صورت میں ان کے لواحقین کو پنشن فراہم کرنے والے قومی ادارہ ایمپلائیز اولڈ ایج بینی فٹس انسٹی ٹیوشن، زیر نگرانی وزارت سمندر پار پاکستانی و ترقی انسانی وسائل،حکومت پاکستان کے تحت پنشن میں حالیہ 15 فیصد اضافہ کا اعلان وزیر اعظم کی جانب سے مزدوروں کے عالمی دن یوم مئی پر متوقع ہے۔

ای او بی آئی کے سابق افسر تعلقات عامہ اور ڈائریکٹر سوشل سیفٹی نیٹ،پاکستان اسرار ایوبی کے مطابق ای او بی آئی کے سہ فریقی بورڈ آف ٹرسٹیز نے رواں برس 20 مارچ کو اسلام آباد میں منعقدہ اپنے 135ویں اجلاس میں ای او بی آئی کے اثاثہ جات اور ذمہ داریوں کی 12 ویں ایکچوریل ویلیویشن کی رپورٹ کی روشنی میں کم از کم پنشن اور فارمولہ پنشن میں 15 فیصد اضافہ کی سفارش کی تھی جو منظوری کے لئے وفاقی حکومت کو بھیجی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

جس کے نتیجہ میں کم از کم پنشن دس ہزار روپے ماہانہ سے بڑھ کر اب 11,500 روپے ماہانہ جبکہ زیادہ سے زیادہ فارمولہ پنشن 30 ہزار روپے ماہانہ تک ہو سکتی ہے، جبکہ اضافہ کا اطلاق یکم جنوری 2025 سے ہوگا۔ بینک الفلاح کے ذریعہ ماہ اپریل کی پنشن کے ساتھ پچھلے تین ماہ کے بقایا جات بھی ادا کئے جائیں گے۔اسرار ایوبی کے مطابق ای او بی آئی پنشن میں فنڈ کی ایکچوریل ویلیویشن کے بعد 1983 سے اب تک 21 بار اضافہ ہوچکا ہے جبکہ پنشن میں پچھلا اضافہ جولائی 2023 میں کیا گیا تھا۔

دریں اثنا بورڈ آف ٹرسٹیز نے پنشن فنڈ کی کمزور حالت اور پنشن میں بار بار اضافہ کو مد نظر رکھتے ہوئے پنشن کے بھاری اخراجات سے نمٹنے اور فنڈ کی پائیداری کو یقینی بنانے کے لئے وفاقی حکومت سے پانچ ارب روپے سالانہ امداد فراہم کرنے کی درخواست کی ہے۔ کیونکہ وفاقی حکومت نے 1995سے ای او بی آئی کی مساوی امداد بلاجواز بند کر رکھی ہے اور دکھاوے کے طور پر محض ایک لاکھ روپے سالانہ کی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

اس صورت حال کے باوجود ای او بی آئی ہر ماہ ملک بھر میں اوسطا پانچ ارب روپے کی خطیر پنشن تقسیم کرکے معاشرہ کے کمزور طبقات تقریبا پانچ لاکھ بوڑھے، معذورین، بیوگان اور یتامی کی مالی کفالت کر کے اپنا قومی فریضہ انجام دے رہا ہے۔موجودہ ایکچوریل رپورٹ کے مطابق 30 جون 2024 تک ای او بی آئی کے بیمہ دار افراد کی کل تعداد 11،240،812 تھی جبکہ پنشنرز کی تعداد 5 لاکھ، کنٹری بیوشن ادا کرنے والے بیمہ دار افراد کی تعداد 31 لاکھ اور پنشن فنڈ کی جسامت 607 ارب ر وپے تھی۔

ایکچوریل ماہرین کے ایک محتاط تخمینہ کے مطابق آئندہ دس برسوں میں ای او بی آئی کے پنشنرز کی تعداد دس لاکھ تک پہنچنے کا امکان ہے، جس میں مالی سال32-2031 کی مدت کے دوران پنشنرز کی تعداد میں تیزی سے اضافہ متوقع ہے ۔ ماہرین نے اپنی رپورٹ میں یہ بھی انتباہ دیا ہے کہ ای او بی آئی کے پنشن فنڈ کا مالی سال 32-2031 سے ختم ہونے کا آغاز ہو سکتا ہے اور انہوں نے مالی سال 37-2036 تک پنشن فنڈ ختم ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :