غنڈہ ایکٹ میں درجنوں مرتبہ چالان ہونے والے گروہ نے ڈپٹی کمشنر مظفرآباد کو نشانے پر رکھ لیا

بدھ 30 اپریل 2025 17:17

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2025ء)لینڈ مافیا،قبضہ مافیا،تجاوزات مافیا اور ایوارڈ یافتہ رقبہ جات کی خرید وفروخت میں اپنا ثانی نہ رکھنے والے غنڈہ ایکٹ میں درجنوں مرتبہ چالان ہونے والے گروہ نے ڈپٹی کمشنر مظفرآباد کو نشانے پر رکھ لیا،محکمہ مال میں خلاف ضابطہ تقرریاں، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو کی فوری انکوائری کی ہدایت,آزاد کشمیر کے محکمہ مال (بندوبست) میں خلاف ضابطہ اور غیر قانونی تقرریوں کا شوشہ چھوڑ کر مدثر فاروق ڈپٹی کمشنر مظفرآباد کو زیر بار کیا جانے لگا،میڈیا کے استفسار پر ڈپٹی کمشنر لاعلم نکلے۔

گزشتہ روز ایک اعلیٰ سطحی مراسلے میں یہ عقد کھلا کہ ڈپٹی کمشنر مظفرآباد مدثر فاروق نے قواعد و ضوابط اور حکومتی ہدایات کو نظر انداز کرتے ہوئے دو افراد عنصر خان اور محمد فیصل کو بغیر کسی اشتہار اور قانونی طریقہ کار کے مستقل پٹواری بھرتی کر لیا ہے۔

(جاری ہے)

اس پر جب میڈیا نے ڈپٹی کمشنر مظفرآباد سے معلومات حاصل کیں تو انہوں نے حیرانی سے بتایا کہ وہ سرے سے اس معاملے سے لاعلم ہیں،دوسری جانب سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو نے اس معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے ان تقرریوں کو فوری طور پر منسوخ کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔

ساتھ ہی محکمہ مال اور محکمہ حسابات کو پابند کیا گیا ہے کہ ان افراد کو حاضر نہ کیا جائے اور نہ ہی انہیں کسی قسم کی تنخواہ دی جائے جب تک تمام تقرریاں قانونی تقاضوں کے مطابق مشتہر کر کے نہ کی جائیں۔مراسلے میں یہ بھی انکشاف کیا گیا ہے کہ محمد نصر خان، جو دراصل نیلم کا رہائشی ہے، کا ڈومیسائل راتوں رات مظفرآباد کا بنا کر بندوبست میں بھرتی کیا گیا، جو کہ سنگین خلاف ورزی ہے اور انکوائری طلب ہے۔سینئر ممبر نے اس معاملے کو فوری نوعیت کا قرار دیتے ہوئے تین یوم کے اندر ذمہ داران کا تعین کر کے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

متعلقہ عنوان :