کسان کارڈ کے دوسرے مرحلے میں 25 ایکڑ تک کے کسانوں کو شامل کیا جا رہا ہے، ڈویژنل ڈائریکٹر زراعت سرگودھا

بدھ 30 اپریل 2025 18:08

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2025ء) کسان کارڈ کے دوسرے مرحلے میں 25 ایکڑ تک اراضی کے مالک چھوٹے اور درمیانے درجے کے کسانوں کو شامل کیا جا رہا ہے۔ کسان کارڈ سکیم کے پہلے مرحلے کے تحت قرضوں کی وصولی 11 مئی تک بلا سود مکمل ہو جائے گی۔یہ بات ڈویژنل ڈائریکٹر زراعت سرگودھا ریجن شاہد حسین نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئےبتائی ۔

انہوں نے کہا کہ خریف سیزن کے لیےسرگودھا سمیت صوبے بھر کیلئے75 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جس کے تحت کسانوں کو قرض کا 30فیصدنقد اور 25فیصد ڈیزل کی خریداری کے لیے استعمال کرنے کی اجازت ہوگی ۔ شاہد حسین نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے شروع کردہ گرین ٹریکٹر پروگرام کے تحت دوسرے مرحلے کے لیے 10 لاکھ روپے فی ٹریکٹر سبسڈی کے ساتھ 60 سے 85 ہارس پاور تک کے مقامی طور پر تیار کردہ ٹریکٹر فراہم کرنے کی تجویز ہے۔

(جاری ہے)

سرگودھا سمیت پنجاب بھر میں 10 سے 20 ہزار تک ٹریکٹر تقسیم کرنے کا منصوبہ بنایا گیا تھا جس کی حتمی منظوری وزیراعلیٰ پنجاب دیں گی۔ شاہد حسین نے کہا کہ کسانوں میں 2,317 سپر سیڈرز تقسیم کیے جا چکے ہیں اور 31 مئی تک 600 سے زائد اضافی یونٹ تقسیم کیے جائیں گے اس اقدام کے تحت پانچ ایکڑ یا اس سے زیادہ رقبے پر ابتدائی کپاس کاشت کرنے والے کسانوں کو وزیر اعلیٰ کی طرف سے فی کسان 25ہزار روپے کا خصوصی مراعاتی پیکج دیاجائے گا۔

اس مہم کے تحت کپاس کے ٹرپل جین کی اقسام دستیاب کرائی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کپاس کی ابتدائی بوائی مہم کی کامیابی فیلڈ فارمیشن کی کوششوں اور وزیر اعلیٰ کے خصوصی مراعاتی پیکج کی بدولت ممکن ہوئی ۔محکمہ توانائی کے تعاون سے زرعی ٹیوب ویلز کے سولرائزیشن پروگرام کے تحت سولر پینل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کو بھی اجاگر کیا۔