Live Updates

کراچی پریس کلب کی تاریخ میں پہلی بار فٹنس گالا، صحافیوں اور اہل خانہ کی بھرپور شرکت

بدھ 30 اپریل 2025 18:08

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2025ء)کراچی پریس کلب کی تاریخ میں پہلی بار ایک منفرد اور صحت بخش سرگرمی کے طور پر ''فٹنس گالا'' کا انعقاد کیا گیا، جس میں انٹرنیشنل ایتھلیٹس، باکسرز، فٹنس ٹرینرز، میڈیا سے وابستہ صحافیوں اور ان کے اہلِ خانہ نے بھرپور شرکت کی۔تقریب کے مہمانِ خصوصی کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے فٹنس گالا کا باقاعدہ افتتاح کیا۔

انہوں نے فٹنس گالا کے انعقاد پر کراچی پریس کلب کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ ''صحافی ایک مشکل اور مصروف زندگی گزارتے ہیں، اور ان کے لیے اس نوعیت کی سرگرمیاں نہ صرف تفریح کا ذریعہ ہیں بلکہ صحت و تندرستی کی جانب ایک اہم قدم بھی ہیں۔''ان کا کہنا تھا کہ صحافیوں کی ذہنی صحت جتنی اہم ہے، جسمانی فٹنس بھی اتنی ہی ضروری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے امید ظاہر کی کہ کراچی پریس کلب آئندہ بھی اس قسم کی مثبت سرگرمیوں کا انعقاد کرتا رہے گا تاکہ میڈیا ورکرز اپنی صحت پر بھی توجہ دے سکیں۔

فٹنس گالا میں صحافیوں اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے مختلف فزیکل ایکٹیویٹیز کا اہتمام کیا گیا، جن میں واک، جاگنگ، پش اپس، ٹیبل ٹینس اور فٹنس بوٹ کیمپ شامل تھے۔ ان سرگرمیوں نے شرکا کی طاقت، رفتار اور برداشت کا امتحان لیا اور سب نے پرجوش انداز میں حصہ لیا۔معروف وسینئر صحافی مظہر عباس نے تقریب سے مختصر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فٹنس گالا ایونٹ کے کامیاب انعقاد پر طاہر صدیقی اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ مستقبل میں اس طرح کے مزید ایونٹ منعقد کئے جائیں گے۔

تقریب میں کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی، سیکریٹری سہیل افضل، جوائنٹ سیکرٹری محمد منصف، کے پی سی جم اینڈ فٹنس سیکرٹری اور ایونٹ کے چیف آرگنائزر طاہر صدیقی، ایڈیٹر ڈان اخبار ظفر عباس، کراچی کنٹریکٹر ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری سید نعیم کاظمی، جنوبی ایشیا کی پہلی ٹیبل ٹینس امپائر قدسیہ راجا، باکسر و کوچ سمیعہ بلوچ، ٹریک اینڈ فیلڈ کوچ روما الطاف، گولڈ میڈلسٹ ایتھلیٹ معید بلوچ، انٹرنیشنل پروفیشنل کک باکسر آغا کلیم، انٹرنیشنل میراتھن رنر اور سائیکلسٹ کوکب سرور، انٹرنیشنل روڈ سائیکلسٹ رابعہ غریب، پاکستان کی جونیئر اسپرنٹر سفیناز سلیمان، کک باکسنگ چیمپین حمیدہ خان افریدی، جمناسٹک کوچ محمد فرقان اور باکسر شاہزیب خان بھی موجود تھے۔

پاکستان نیوٹریشنسٹ اینڈ ڈائٹیٹکس سوسائٹی کی جنرل سیکرٹری فائز ہ خان نے خصوصی شرکت کی اور اپنے خطاب میں ورزش اور غذا کے تعلق پر بھرپور روشنی ڈالی۔فٹنس گالا نے نہ صرف صحافیوں بلکہ ان کے اہلِ خانہ کے لیے بھی ایک یادگار دن فراہم کیا، جس میں صحت، کھیل اور خوشی کا حسین امتزاج دیکھنے کو ملا۔آخر میں ایونٹ کے چیف آرگنائزر طاہر صدیقی نے صدر کراچی پریس کلب فاضل جمیلی، جنرل سیکریٹری سہیل افضل، جوائنٹ سیکریٹری محمد منصف سمیت عہدیداران و ممبران کو ایونٹ میں بھرپور شرکت کرنے اور کامیاب بنانے پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔فٹنس گالا کے مختلف مقابلوں میں کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کو تعریفی اسناد اور سووینئر پیش کئے گئے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات