Live Updates

سرگودھایونیورسٹی میں ملک فیروز خان نون بزنس سکول کے زیرِ اہتمام دوسرے سالانہ سی ای او فورم اور پروڈکٹ ایگزیبیشن کا انعقاد

بدھ 30 اپریل 2025 18:10

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2025ء) سرگودھایونیورسٹی میں ملک فیروز خان نون بزنس سکول کے زیرِ اہتمام دوسرے سالانہ سی ای او فورم اور پروڈکٹ ایگزیبیشن کا انعقاد کیا گیا،جس میں ملک بھر کی اٹھارہ کمپنیز کے سی ای اوز،تعلیمی ماہرین اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور نمائش کا افتتاح کیا، اس موقع پر اُن کے ہمراہ ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر مسعود سرور اعوان، ڈائریکٹر نون بزنس سکول پروفیسر ڈاکٹر عرفان شہزاد اور مختلف کمپنیز کے سی ای اوز بھی موجود تھے۔

نمائش میں طلبہ کی جانب سے 32 بزنس آئیڈیاز پر مشتمل سٹالز لگائے گئے۔پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے مہمانوں کے ہمراہ ان سٹالز کا جائزہ لیا اور طلبہ کے بزنس آئیڈیاز کو کارآمد قرار دیتے ہوئے موقع پر موجود کاروباری شخصیات کو ترغیب دی کہ وہ ان بزنس آئیڈیاز کو مارکیٹ میں متعارف کروانے کے لیے شراکت داری کریں۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں ''مستقبل کے گریجویٹس کے لیے کاروباری مہارتیں اور مواقع'' کے موضوع پر منعقدہ سی ای او فورم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر قیصر نے کہا کہ دنیا بھر میں صنعت اور تعلیمی ادارے مل کر کام کر رہے ہیں، لیکن ہمارے ہاں اس میں اب بھی خلا موجود ہے جسے ہم پُر کرنا چاہتے ہیں۔

یونیورسٹیاں جدت کا مرکز ہوتی ہیں جبکہ صنعت ان تصورات کو عملی جامہ پہنا سکتی ہے۔ ہم مل کر بزنس آئیڈیازکو مصنوعات میں تبدیل کر سکتے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نےبزنس کیس سٹڈی جرنل کا بھی باقاعدہ اجرا کیا، اور بتایا کہ نون بزنس سکول پاکستان کا تیسرا ادارہ ہے جو مقامی کاروباری کیس سٹڈیز پر کام کر رہا ہے۔ اب تک پانچ کیس سٹڈیز شائع ہو چکی ہیں جبکہ رواں سال مزید دس شائع کرنے کا ہدف ہے۔

پروفیسر ڈاکٹر مسعود سرور اعوان نے صنعت سے آئے تمام مہمانوں اور انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم تحقیق اور کاروباری سوچ کے فروغ کے لیے پرعزم ہیں۔ ہمارا وژن صرف تعلیم دینا نہیں بلکہ طلبہ کو خود اعتمادی اور عملی مہارتوں سے آراستہ کرنا ہے تاکہ وہ کاروباری دنیا میں کامیابیاں حاصل کر سکیں۔پروفیسر ڈاکٹر عرفان شہزاد نے سی ای او فورم کے مقاصد اور مستقبل کے منصوبوں کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ یہ فورم تعلیمی اداروں اور صنعت کے درمیان ایک پل کا کام کرے گا۔

انہوں نے بتایا کہ ہم دو نئی لیبارٹریز بنانے جا رہے ہیں، ایک تربیت کے لیے اور دوسری مارکیٹنگ کے لیے جبکہ جلد ہی ہم انڈسٹری کے ساتھ چوتھا باضابطہ باہمی تعاون کا معاہدہ کرنے جا رہے ہیں جس سے طلبہ کے لیے ملازمتوں اور انٹرن شپس کے مواقع پیدا ہوں گے۔پینل ڈسکشن کے دوران کاروباری ماہرین نے نوجوانوں کی ذہنی، فکری اور پیشہ ورانہ تربیت پر سیر حاصل گفتگو کی۔

شرکانے اس بات پر زور دیا کہ طلبہ کو صرف تعلیم تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ ان میں خود اعتمادی، واضح اہداف کے تعین اور حالات کی صحیح سوجھ بوجھ ہونا نہایت ضروری ہے تاکہ وہ عملی زندگی میں کامیابی سے ہمکنار ہو سکیں۔ ماہرین نے کہا کہ جدید دور میں کامیابی کا انحصار محض تعلیمی اسناد پر نہیں بلکہ طلبہ کی شخصیت، اعتماد اور وژن پر ہے۔پینل ڈسکشن کے بعد طلبہ کو سوالات کا موقع دیا گیا، جہاں انہوں نے پینلسٹس سے مختلف پیشہ ورانہ اور ذاتی ترقی سے متعلق سوالات کیے۔ سوال وجواب کا یہ سیشن نہ صرف معلوماتی رہا بلکہ طلبہ کی فکری بلوغت اور عملی زندگی کے بارے میں دلچسپی کا عکاس بنا۔پینل ڈسکشن کے اختتام پر سی ای او شرکاء کو شیلڈز پیش کی گئیں۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات