سیالکوٹ، ہم نے ہمیشہ محنت کشوں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کیا ہےاور مستقبل میں بھی کرتے رہیں گے، صدر آل محنت کش لیبر فیڈریشن نیاز احمد ناجی

بدھ 30 اپریل 2025 18:12

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2025ء) صدر آل محنت کش لیبر فیڈریشن نیاز احمد ناجی نے کہا ہے ہم نے ہمیشہ محنت کشوں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کیا ہےاور مستقبل میں بھی کرتے رہیں گے۔ یکم مئی مزدور ڈے کے حوالے سے قومی خبر رساں ادارے’اے پی پی‘سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل اور نبی کریم ﷺکے صدقے ہم نے سیالکوٹ میں اپنے محنت کشوں کے لیے سوشل سکیورٹی ہسپتال بنوایا جہاں پر محنت کش اور ان کے خاندان والے علاج معالجے کی سہولیات سے مستفید ہو رہےہیں، اس کے علاوہ ویلفیئر کا دفتر بنوایا جبکہ محنت کشوں کے بچوں کی تعلیم کے لیے قائداعظم پبلک سکول کے نام سے سکول بنوایا جہاں ہزاروں بچے اور بچیاں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔

آل محنت کش لیبر فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری میاں محمد اقبال نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف محنت کشوں کے لیے انتہائی اہم اقدامات کر رہی ہیں ، گزشتہ روز انہوں نے ورکرز کے لیے جو راشن کارڈز دینے کا اعلان کیا ہے وہ انتہائی اہم قدم ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ کی کہ مزدور کی کم سے کم اجرت 37000 روپےپر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔جنرل سیکرٹری پاور لومز مہر قیصر بھی اس موقع پر یہاں موجود تھے جنہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے درخواست کی کہ سیالکوٹ کے سوشل سکیورٹی ہسپتال کو 100 بیڈز کا کیا جائے تاکہ مزدوروں کی مشکلات کا ازالہ کیا جا سکے۔