Live Updates

وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک کی جنیوا میں اعلیٰ سطح کے مشاورتی اجلاس میں شرکت

بدھ 30 اپریل 2025 18:12

جنیوا /اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2025ء) وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک نے جنیوا میں باسل، روٹرڈیم اور سٹاک ہوم کنونشنز کے کانفرنس آف پارٹیز کے موقع پر منعقدہ اقوام متحدہ کی کیپیٹل ڈویلپمنٹ فنڈ کے زیر اہتمام اعلیٰ سطح کے مشاورتی اجلاس بعنوان ”اونچے خطرات اور نظر انداز شدہ منڈیوں میں ترقی کے لیے سرمائے کو متحرک کرنا“ میں پاکستان کی نمائندگی کی۔

وزارت ماحولیاتی تبدیلی کی جانب سے بدھ کو جاری بیان کے مطابق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مصدق ملک نے ترقی پذیر اور موسمیاتی خطرات سے دوچار ممالک کے لیے موثر اور آسان مالی معاونت کی فوری ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ماحولیاتی لحاظ سے پائیدار ترقی، سبز معیشت اور قدرتی وسائل پر مبنی حل کو ترجیح دے رہا ہے،پاکستان کا عالمی گرین ہائوس گیسوں کے اخراج میں حصہ ایک فیصد سے بھی کم ہے مگر یہ دنیا کے سب سے زیادہ موسمیاتی تبدیلی سے متاثرہ ممالک میں شامل ہے، ایسے ملکوں کے لیے ماحولیاتی مالی وسائل کو بروئے کار لانا انتہائی ضروری ہے تاکہ ہم پیرس معاہدے کے اہداف حاصل کر سکیں اور کمزور آبادیوں کا تحفظ کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر مصدق ملک نے بین الاقوامی مالیاتی اداروں اور ترقیاتی شراکت داروں سے اپیل کی کہ وہ ماحولیاتی مالی معاونت تک رسائی کو آسان بنائیں، ماحولیاتی موافقت کی ٹیکنالوجیز میں سرمایہ کاری کریں اور ترقی پذیر ممالک میں استعداد کار میں اضافے کے منصوبوں کی حمایت کریں۔ انہوں نے پاکستان کی نیشنل ڈٹرمینڈ کنٹریبیوشنز کے تحت مقرر کردہ اہداف بشمول قابل تجدید توانائی کے فروغ، شجرکاری اور پائیدار آبی وسائل کے انتظام کی مکمل وابستگی کا اعادہ کیا۔

یہ اجلاس اقوام متحدہ کے اداروں، ترقیاتی مالیاتی اداروں اور موسمیاتی لحاظ سے متاثرہ دیگر ممالک کے وزراء کی موجودگی میں منعقد ہوا جس کا مقصد پائیدار ترقی کے لیے عوامی و نجی شعبوں سے مالی وسائل کو متحرک کرنے کے عملی فریم ورک کی تشکیل ہے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات