ساہیوال ،ڈپٹی کمشنر نے ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال کا تفصیلی دورہ کیا

بدھ 30 اپریل 2025 18:18

ساہیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2025ء) ڈپٹی کمشنر شاہد محمود نے ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال کا تفصیلی دورہ کیا جہاں انہوں نے ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، صفائی ستھرائی کے انتظامات اور مریضوں کو درپیش مسائل کا جائزہ لیا۔ ان کے ہمراہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو اسامہ مجید چیمہ اور اسسٹنٹ کمشنر ساہیوال رانا اورنگزیب بھی موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال کے مختلف وارڈز، ایمرجنسی، آؤٹ ڈور، لیبر روم، چلڈرن وارڈ اور آئی سی یو سمیت دیگر شعبہ جات کا دورہ کیا اور وہاں مریضوں اور ان کے لواحقین سے ان کے مسائل بھی دریافت کیے۔ ڈپٹی کمشنر شاہد محمود نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ہسپتال میں صفائی کے معیار کو بہتر بنایا جائے، مریضوں کو بروقت علاج کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور تمام وارڈز میں ضروری سہولیات ہر وقت دستیاب رکھی جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب صحت عامہ کی سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور ہسپتالوں کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بہترین علاج مہیا کرنا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے مریضوں کے ریکارڈ، میڈیکل اسٹاف کی حاضری اور ادویات کے سٹور کی صورتحال کا بھی مشاہدہ کیا۔ڈپٹی کمشنر ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ مریضوں کی خدمت کو عبادت سمجھ کر انجام دیں اور سرکاری وسائل کا درست اور شفاف استعمال یقینی بنائیں تاکہ عام شہری کو علاج معالجے کی بہتر سہولیات میسر آئیں۔\378