ملک کی معاشی، صنعتی اور تجارتی ترقی میں محنت کش طبقہ کو ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہے، گورنر بلوچستان

بدھ 30 اپریل 2025 18:38

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2025ء) گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے دنیابھر کے محنت کش طبقہ کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ملک کی معاشی، صنعتی اور تجارتی ترقی میں محنت کش طبقہ کو ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہے، دنیا کی تعمیر و ترقی میں مزدوروں اور کسانوں کی محنت اور شراکت خراج تحسین کی مستحق ہے، انٹرنیشنل لیبر ڈے منانے کا مقصد تمام محنت کشوں اور کسانوں کی اہمیت اور افادیت کو اجاگر کرنا ہے، انہیں درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے جامع حکمت عملی تیار کرنا ہے اور ان کی فلاح و بہبود اور ترقی کیلئے متعلقہ تمام بین الاقوامی اور قومی اداروں کو اپنا کردار ادا کرنے کا احساس دلانا ہے،دین مبین اسلام کی تعلیمات بھی محنت کشوں کے ساتھ منصفانہ سلوک اور بروقت معاوضہ ادا کرنے کی اہمیت پر زور دیتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں جیسا کہ ہم اپنے محنت کش طبقے کو درپیش مشکلات کو تسلیم کرتے ہیں، ہم ترقی اور خوشحالی کے نئے امکانات پیدا کرنے کیلئے موجودہ حکومت اور عوام کے ساتھ ملکر کام کرنے کیلئے پرعزم ہیں،شدید مہنگائی، غربت اور بیروزگاری کے باعث ہم بلوچستان میں اپنے محنت کش طبقے کو درپیش مشکلات کو تسلیم کرتے ہیں تاہم موجودہ حکومت روزگار کے نئے مواقع اور بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے جو انہیں معاشی اور معاشرتی سرگرمیوں میں فعال طور پر حصہ لینے کیلئے بااختیار بنائے۔

گورنر بلوچستان کا کہنا ہے کہ اس پل پل بدلتی دنیا میں قومی ترقی کا تعین تجارت کے ذریعے کیا جاتا ہے،ہمارے ملک کی معاشی، صنعتی اور تجارتی ترقی میں بھی محنت کش طبقہ کو ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہے،آج بھی مزدوروں اور کسانوں کی لگن اور محنت ہمارے ملک کی ترقی کے پیچھے محرک قوتیں ہیں،آج ایک دفعہ پھر ہم انٹرنیشنل لیبر ڈے کے موقع پر ہم اپنے تمام زیارکشوں کے حقوق کے تحفظ اور فروغ کیلئے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں اور یقین دلاتے ہیں کہ ان کی معاشی آسودگی کیلئے اپنے حصے کا کردار ضرور ادا کرینگے۔