بی جے پی میں شمولیت سے متعلق سوال پر پریتی زنٹا سیخ پا، معذرت بھی کرلی

بدھ 30 اپریل 2025 20:21

بی جے پی میں شمولیت سے متعلق سوال پر پریتی زنٹا سیخ پا، معذرت بھی کرلی
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2025ء)بالی ووڈ اداکارہ پریتی زنٹا بی جے پی میں شمولیت سے متعلق سوال پر سیخ پا ہوگئیں۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر سوال جواب کے سیشن کے دوران ایک صارف نے پریتی زنٹا سے پوچھا کیا آپ بی جے پی میں شامل ہونے کا ارادہ رکھتی ہیں جس پر انہوں نے سخت انداز میں جواب دیا یہی مسئلہ ہے سوشل میڈیا پر لوگوں کیساتھ، ہر کوئی بہت جلدی فیصلہ سنا دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی مندر یا مہاکمبھ جانا اور اپنے مذہب و شناخت پر فخر کرنا یہ سیاست میں شامل ہونے کی علامت نہیں، میں ایک بھارتی ہونے پر فخر کرتی ہوں اور جو لوگ بیرون ملک رہتے ہیں، وہ اپنے وطن کی قدر زیادہ سمجھتے ہیں۔ بعد ازاں، جب سوال کرنے والے صارف نے وضاحت دی کہ اس کا مقصد صرف تجسس تھا، تو پریتی نے اپنا لہجہ نرم کرتے ہوئے معذرت کی اور دل کو چھو لینے والی بات کہی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہامعذرت اگر میرا جواب سخت لگا، سچ کہوں تو مجھے اس سوال سے کوفت ہو گئی ہے، ماں بننے اور بیرونِ ملک رہنے کے بعد میں صرف یہ چاہتی ہوں کہ میرے بچے اپنی جڑوں اور مذہب سے جڑے رہیں، ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ بچوں کو ہندو مذہب کے مطابق پالیں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ سادہ سی خوشی ہے جو اپنے بچوں کو اپنی ثقافت سکھانے کیلئے ہے جو مجھے ہر وقت سیاست سے جوڑ دی جاتی ہے اور مجھے بار بار اپنی شناخت کا جواز دینا پڑتا ہے۔