Live Updates

پہلگام حملے کے دوران غدار کہا گیا، عامر خان کا شکوہ

پیر 16 جون 2025 17:35

پہلگام حملے کے دوران غدار کہا گیا، عامر خان کا شکوہ
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جون2025ء) بولی وڈ اداکار عامر خان نے شکوہ کیا کہ پہلگام حملے کے بعد انہیں غدار قرار دے کر تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔حال ہی میں عامر خان نے بھارتی ٹی وی پروگرام آپ کی عدالت میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف سوالوں کے جوابات دیے۔پروگرام کے دوران عامر خان نے کہا کہ پہلگام میں ہونے والے حملے کے بعد انہیں غدار کہا گیا، جو کہ بالکل غلط ہے۔

عامر خان نے گفتگو کے دوران کہا کہ پاک بھارت کشیدگی کے وقت ان کی ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کے ساتھ ملاقات کی ایک پرانی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، جس پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔انہوں نے واضح کیا کہ یہ تصویر 2020 کی ہے، ان کی ترکیہ کے صدر سے ملاقات مکمل طور پر غیرسیاسی نوعیت کی تھی، جو صرف اخلاقی اور سفارتی آداب کے تحت ہوئی۔

(جاری ہے)

اداکار نے مزید کہا کہ اگر آپ کسی ملک میں مہمان ہوں اور میزبان ملک کا صدر آپ کو چائے پر مدعو کرے، تو اس دعوت کو قبول کرنا مہذب رویہ سمجھا جاتا ہے، یہ ملاقات کسی سیاسی مقصد کے تحت نہیں ہوئی تھی۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ سوشل میڈیا استعمال نہیں کرتے اسی لیے جب ان کی جانب سے اس واقعے پر کوئی بیان نہیں دیا گیا تو انہیں کافی تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

ایک سوال کے جواب میں عامر خان کا کہنا تھا کہ ان کی فلم پی کے میں کسی مخصوص مذہب کو نشانہ نہیں بنایا گیا تھا، بلکہ فلم میں اہم سماجی مسئلے کو اجاگر کیا گیا تھا کہ کس طرح بعض عناصر مذہب کے نام پر سادہ لوح افراد کا استحصال کرتے ہیں۔خیال رہے کہ پہلگام میں 22 اپریل کو مسلح افراد کے حملے میں 24 افراد ہلاک ہوئے تھے، جن میں بعض سیاح اور بھارتی فوج کے اہلکار بھی شامل تھے، واقعے کے بعد عامر خان کو خاموشی اختیار کرنے پر سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات