Live Updates

معروف اداکار خیام سرحدی کی سالگرہ منائی گئی

جمعرات 12 جون 2025 15:59

معروف  اداکار  خیام سرحدی    کی سالگرہ  منائی گئی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جون2025ء) معروف اداکار خیام سرحدی کی سالگرہ جمعرات کو منائی گئی۔ خیام سرحدی 12 جون 1948 کو ممبئی میں پیدا ہوئے اور بچپن میں ہی اپنے والد کے ساتھ پاکستان منتقل ہوگئے۔ ان کےوالد ضیاء سرحدی اپنے وقت کے معروف فلمی ڈائریکٹر تھے جنہوں نے خیام سرحدی کو داکاری، ڈائریکشن اور پروڈکشن کا کورس کروانے کے لئے یونان بھجوا دیا جہاں سے ڈپلومہ کرنے کے بعد خیام سرحدی تھیٹر سے وابستہ ہوگئے۔

(جاری ہے)

خیام سرحدی نے ریڈیو پاکستان میں میزبانی کے فرائض بھی سرانجام دیئے اور پی ٹی وی کے پروڈیوسر یاور حیات نے انہیں ٹی وی ڈراموں میں متعارف کرایا۔خیام سرحدی نے 70 کی دہائی میں ڈرامہ ’’ایک تھی مینا‘‘ سے اپنی فنی زندگی کا آغاز کیا۔ان کے مشہور ڈراموں میں دہلیز، داستان، لازوال، من چلے کا سودا، غلام گردش اور وارث شامل ہیں۔ خیام سرحدی نے 3 فلمیں اک سی ڈاکو، بوبی اور مہک میں بھی کام کیا۔ انہیں شوبز انڈسٹری میں بہترین خدمات پر تمغہ حسن کارکردگی سے نوازا گیا۔ خیام سرحدی 3 فروری 2011 کو دل کا دورہ پڑنے سے اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔ ان کی سالگرہ کے موقع پر شو بز انڈسٹری، فنکار برادری اور مداحوں کی جانب سے ان کی خدمات پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات