صوبائی وزیر لائیو سٹاک و زراعت سیدعاشق حسین کرمانی کی زیر صدارت اہم اجلاس

اگلے سال کے بجٹ میں مختلف منصوبوں کیلئے تقریبا 12ارب روپے کی رقم مختص کرنے کی تجویز ،حتمی منظوری وزیر اعلی پنجاب دیں گی

بدھ 30 اپریل 2025 19:15

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2025ء)صوبائی وزیر لائیو سٹاک و زراعت سیدعاشق حسین کرمانی کی زیر صدارت لائیو سٹاک ڈیپارٹمنٹ میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں لائیو سٹاک کارڈ،دیہی خواتین میں اثاثہ جات کی تقسیم اور ڈیپارٹمنٹ کے اگلے مالی سال کے بجٹ میں وزیر اعلی پنجاب کے نئے انشیٹیوز اور دوسرے منصوبوں کے لیے تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔

سیکرٹری لائیو سٹاک پنجاب ثاقب علی عطیل نے شرکت کی۔ صوبائی وزیر لائیو سٹاک و زراعت سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ وزیر اعلی مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق آئندہ مالی سال کے بجٹ میں بھی لائیو سٹاک سیکٹر کی ترقی کے لیے متعدد منصوبوں کی تکمیل کے لیے خاطر خواہ رقم مختص کی جا رہی ہے۔ جس سے مویشی پال کسان استفادہ کریں گے اور ان کے معاشی حالات بہتر ہوں گے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر لائیو سٹاک نے کہا کہ لائیو سٹاک کارڈ ہولڈرز اگر اپنے قرض کی ادائیگی مقررہ مدت میں کر دیتے ہیں تو وہ خود بخود ہی اگلے مرحلے کے لیے لائیو سٹاک کارڈ کے لیے اہل ہو جائیں گے۔قرض کی ادائیگی 15اپریل سے 15مئی کے درمیان کی جا سکتی ہے۔انھوں نے کہا کہ لائیو سٹاک کارڈ فیز ٹو کا مرحلہ 6ماہ پر مشتمل اور اس عرصہ میں 3لاکھ جانور مویشی پال فارمرز میں تقسیم کئے جائیں گے اور اس کے لیے 15مئی سے 15جون تک درخواستیں وصول کی جائیں گی جبکہ اربن یونٹ 9جون سے 10جولائی تک فزیکل ورفیکشن کرے گا۔

15جولائی سے لائیو سٹاک کارڈ سیکنڈ فیز کے لیے قرض کی پہلی قسط جاری کر دی جائے گی،ہر نیا جانور ٹیگیڈ ہو گا۔صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ جنوبی پنجاب کے 12اضلاع کی دیہی خواتین میں اسکیم کے فیز ون کے تحت 5500 جانور تقسیم کئے جا چکے ہیں۔ صوبائی وزیر سید عاشق حسین کرمانی کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ اگلے سال کے بجٹ میں تین وزیر اعلی اور 13 دوسرے انشیٹیوز کے تحت منصوبوں کے لیے تقریبا 12ارب روپے کی رقم مختص کرنے کی تجویز ہے جسکی حتمی منظوری وزیر اعلی پنجاب دیں گی۔

وزیر اعلی کے نئے انشیٹیوز میں لائیو سٹاک کی پیداوار بڑھانے کے لیے ہرڈ ٹرانسفارمیشن،لائیو سٹاک ڈیپارٹمنٹ انٹرن شپ پروگرام اور ضلع بہاولنگر میں ویکسین کے ساتھ فٹ اینڈ موتھ ڈیزیز فری زون شامل ہیں۔صوبائی وزیر سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ پنجاب لائیو سٹاک کنکٹ ایپ لانچ کر دی گئی ہے۔جس سے سالٹر ہاؤس،میٹ ایکسپورٹرز،فٹننگ فارم،لائیو سٹاک کارڈ فارمرز مستفید ہوں گے جس سے مویشی پال کسان اپنی شکایات، لائیو سٹاک فنانسنگ،جانوروں کی بیماری کے بارے میں آگاہ کر سکتے ہیں اور اہم معلومات کے علاوہ اپنی فیڈ بیک بھی دے سکتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ لائیو سٹاک ڈویژنل و ڈسٹرکٹ ڈائریکٹرز اور ایڈیشنل ڈائریکٹرز کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ ہر تین ماہ بعد ڈیٹا اپ ٹو ڈیٹ کریں گے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری لائیو سٹاک عثمان طاہر، ڈائریکٹر جنرلز توسیع،پروڈکشن اور ریسرچ(لائیو سٹاک) کے علاوہ بینک آف پنجاب،پی آئی ٹی بی اور اربن یونٹ کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔جبکہ جنوبی پنجاب کے لائیو سٹاک کے تمام ڈویژنل ڈائریکٹرز آن لائن اجلاس میں موجود تھے۔