Live Updates

مزدوروں کا استحصال نہ صرف ایک معاشی جرم بلکہ اخلاقی گناہ ہے، شکیل قاسمی

بدھ 30 اپریل 2025 19:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2025ء) جمعیت علمائے پاکستان کراچی کے جنرل سیکریٹری ملک محمد شکیل قاسمی نے کہاہے کہ مزدور ہماری معیشت کے بنیادی ستون ہیں اور ان کی محنت کے بغیر معاشی ترقی ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام نے ہمیشہ مزدوروں کے حقوق کا تحفظ کیا ہے اور انہیں ایک باعزت زندگی گزارنے کے تمام وسائل فراہم کرنے کی ترغیب دی ہے۔

ملک محمد شکیل قاسمی نے کہا کہ مزدوروں کا استحصال کرنا اور ان کی محنت کا صحیح معاوضہ نہ دینا نہ صرف ایک معاشی جرم ہے بلکہ ایک اخلاقی گناہ بھی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مزدوروں کے حقوق کا تحفظ حکومت اور دیگر اداروں کی ذمہ داری ہے۔ہمیں اسلام کی تعلیمات کو سامنے رکھتے ہوئے مزدوروں کے ساتھ انصاف کرنا ہوگا اور ان کے حقوق کا ہر صورت میں تحفظ کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

ملک محمد شکیل قاسمی نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ نے قرآن میں واضح طور پر فرمایا ہے ''اور یہ کہ انسان کو وہی کچھ ملتا ہے جس کی وہ کوشش کرتا ہے (سورہ النجم: 39)۔ انہوں نے کہا کہ اس آیت سے یہ پیغام ملتا ہے کہ محنت کرنے والے افراد کو ان کی محنت کا پورا حق ملنا چاہیے اور ان کا استحصال نہیں ہونا چاہیے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مزدور کی مزدوری پسینہ خشک ہونے سے پہلے ادا کرنا (ابن ماجہ) نبی کریم ﷺ کا فرمان ہے، جس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ ہمیں مزدوروں کی اجرت بروقت اور مکمل ادا کرنی چاہیے۔

لیکن بدقسمتی سے ہمارے معاشرے میں آج بھی بہت سے مزدوروں کو ان کے حقوق نہیں ملتے اور ان کی محنت کا مناسب بدلہ نہیں دیا جاتا۔ملک شکیل قاسمی نے کہا کہ پاکستان جیسے ترقی پذیر ملک میں جہاں لاکھوں مزدور مختلف شعبوں میں کام کر رہے ہیں، ان کے حقوق کا تحفظ انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ مزدوروں کے لیے قوانین کی پاسداری کو یقینی بنائے اور ان کی اجرتوں، کام کے حالات اور زندگی کے دیگر ضروری پہلوؤں کی بہتری کے لیے عملی اقدامات کرے۔

مزدوروں کی فلاح کے لیے ہمیں نہ صرف حکومت سے بلکہ معاشرتی سطح پر بھی آگاہی بڑھانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جب تک ہمارے مزدور طبقے کو ان کے حقوق نہیں ملیں گے، ہم ایک مضبوط اور خوشحال معاشرہ قائم نہیں کر سکتے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اسلام نے ہمیشہ مزدوروں کے ساتھ انصاف کا حکم دیا ہے اور اس بات کی تاکید کی ہے کہ ہم اپنے بھائیوں کے حقوق کا خیال رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ یوم مزدور کے موقع پر ہمیں اپنی اجتماعی ذمہ داریوں کو سمجھنا ہوگا اور اپنے معاشرتی کردار کو بہتر بنانا ہوگا تاکہ ہم ایک ایسا معاشرہ تشکیل دے سکیں جس میں مزدوروں کو ان کے حقوق اور عزت کا پورا تحفظ مل سکے۔ملک محمد شکیل قاسمی نے اس موقع پر حکومت سے اپیل کی کہ وہ نہ صرف مزدوروں کے حقوق کی حفاظت کے لیے قانون سازی کرے بلکہ ان کے تحفظ کے لیے مؤثر انتظامات بھی کرے تاکہ وہ اپنے خاندان کی بہتر پرورش کر سکیں اور ایک خوشحال زندگی گزار سکیں۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات