دوہرے قتل کی لرزہ خیز واردات، حقیقی بھائی کے ہاتھوں باپ بیٹا قتل

واقعہ زمین کے تنازعہ پر دیرنہ دشمنی کا ساخشانہ ہے ، ڈی پی او کا نوٹس ،مرکزی ملزم گرفتار

بدھ 30 اپریل 2025 20:05

حجرہ شاہ مقیم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2025ء)حجرہ شاہ مقیم کے نواحی گاں جھجھ خورد میں زمین کے تنازع پر اندوہناک خاندانی قتل کا واقعہ پیش آیا، جہاں فائرنگ کے نتیجے میں باپ اور بیٹا جان کی بازی ہار گئے جبکہ ایک بیٹا زخمی ہو گیا۔ پولیس کے مطابق فائرنگ مقتول ارشاد کے حقیقی بھائی حاجی محمد امجد نے کی، جسے موقع سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔

ابتدائی تفتیش کے مطابق مقتول ارشاد، اس کا بیٹا زاہد موقع پر جاں بحق جبکہ دوسرا بیٹا شاہد شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

مقتولین اور حملہ آور آپس میں قریبی رشتہ دار تھے اور ان کے درمیان زمین کا دیرینہ تنازع چل رہا تھا،واقعہ کی اطلاع ملنے پر ڈی پی او راشد ہدایت نے سخت نوٹس لیتے ہوئے ایس پی انویسٹی گیشن سے فوری رپورٹ طلب کرلی ہے جبکہ ڈی ایس پی دیپالپور کی نگرانی میں دیگر مفرور ملزمان کی گرفتاری اور تحقیقات کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں،پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کر لیے ہیں جبکہ پولیس نے مقتول کے بھائی اور مرکزی ملزم امجد کو گرفتار کر لیا ہے، ڈی پی او راشد ہدایت نے یقین دہانی کرائی ہے کہ دیگر ملزمان کو بھی جلد گرفتار کر کے کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔